• news

سراج الحق سے ملاقات: مسئلہ کشمیر یورپی یونین ممالک کیساتھ اٹھاؤں گا‘ اطالوی سفیر

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت سراج الحق نے اسلام آباد میں اٹلی کے سفیر انڈریاس فیرارسیع کے ساتھ ملاقات کی اور اٹلی میں کرونا کی وجہ سے ہونے والی اموات پر اظہار تعزیت کیا۔ کرونا وباء سے نپٹنے پر اٹلی کے سفیر کو مبارک باد بھی دی۔ سینیٹر سراج الحق نے اٹالین سفیر کو کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ مودی قصاب ہے جس نے کشمیر کی آئینی حیثیت کو گزشتہ ایک سال سے تبدیل کردیا ہے۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ نے مودی کے اس غیر آئینی اقدام کی مذمت کی ہے۔ کشمیر کی سیاسی قیادت گزشتہ ایک سال سے جیلوں میں قید یا گھروں پر نظر بند ہے، بھارت نے ایک سال سے کشمیر میں ڈبل لاک ڈاؤن کر رکھا ہے۔ اسی لاکھ کشمیری محصور ہیں، بھارت نے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے یورپی یونین کو مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروانے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی قوتیں ہیں اگر ان کے درمیان جنگ چھڑ گئی تو پوری دنیا اس تباہ کن جنگ کی لپیٹ میں آسکتی ہے۔ اس لئے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور یورپی یونین کو اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے دنیا کو اس جنگ سے محفوظ رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سراج الحق نے سفیر کو اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ انڈریاس فیرارسیع نے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروانے کیلئے یورپی یونین کے ممبران ممالک سے بات کریں گے اور اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔ سینیٹر سراج الحق نے خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پر امن افغانستان خطے کی ترقی و خوشحالی کا سبب بنے گا۔

ای پیپر-دی نیشن