بھارت کے سرکاری چینلز پر رام مندر کی تقریبات نشر نہ کی جائیں
اسلام آباد (عبداللہ شاد- خبر نگار خصوصی) کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا، کانگرس، راشٹر جنتا دل اور بھارتی مسلمان رہنمائوں نے مودی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ رام مندر کی بھومی پوجن تقریب کو کم از کم بھارت کے سرکاری چینلوں ’’ دور درشن ‘‘ اور ’’ آکاش وانی‘‘ پر نشر کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ ہندوستانی سوچنا پرسارن منتری ( وزیر اطلاعات) پرکاش جاویڈکر کو کیمونسٹ پارٹی کے رہنما بینوے وسوام نے خط لکھ کر کہا ہے کہ تمام چینلوں کو پابند کیا جائے کہ وہ رام مندر کی تقریبات کی کوریج نہ کریں ‘‘۔ راشٹریہ جنتا دل کے رہنما لالو پرساد یادو کے بیٹے تیجسوی یادو نے کہا ہے کہ ’’سرکار کا سارا زور مندر کی تعمیر کی بجائے تعمیر ترقی کی کوششوں پر ہونا چاہیے‘‘۔ کانگرس کی جانب سے اکھلیش پرکاش سنگھ نے بھی کہا ہے کہ بھارتی چینلوں پر بھومی پوجن تقریب کے مناظر دکھانے سے بھارت میں انتہا پسندی کی فضا مزید زور پکڑے گی۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ بابری مسجد ہمیشہ ایک مسجد رہے گی چاہے اس پر جو مرضی تعمیر کر لیں، انھوں نے کہا کہ اگر 1992 میں بابری مسجدکا انہدام نہ ہوتا تو کیا آج اتنے اہتمام سے رام مندر کی تعمیر کی جا رہی ہوتی؟ بھارتی میڈیا کہہ رہا ہے کہ 5 اگست کو رام مندر کے سنگ بنیاد کی تقریب براہ راست نشر کی جائے گی، یہ بھارتی آئین کے منافی ہے اور اس سے تمام بھارتی مسلمانوں کے جذبات برے طریقے سے مجروح ہو جائیں گے، اسد الدین اویسی نے مزید کہا کہ مودی سرکار معاملات کو ایسے رخ پر نہ لے جائے جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو سکے۔