عید کی مناسبت سے خریداری کرنے والے تاجر اچانک لاک ڈائون سے لاکھوں کے مقروض
لاہور( کامرس رپورٹر)عید الاضحی کی مناسبت سے پیشگی خریداری کرنے والے تاجر حکومت کی جانب سے اچانک لاک ڈائون کے فیصلے سے لاکھوں روپے کے مقروض ہوگئے جبکہ تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے فوری طو رپر فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے کاروبار کرنے کے اوقات نہ بڑھائے تو بڑی تعداد میں چھوٹے تاجر دیوالیہ ہو جائیں گے۔ انار کلی ، اچھرہ بازارہ، گڑھی شاہو ، اسلامپورہ، صدر بازار، نیلم سینما سمیت دیگر بازاروں کے تاجروں نے بتایا کہ عید الاضحی کے پیش نظر نہ صرف ریڈی میڈ ملبوسات پیشگی تیار کرائے جاتے ہیں بلکہ ہول سیل مارکیٹوں سے بھی لاکھوں روپے کا سامان خرید ا ہے لیکن حکومت کی جانب سے اچانک لاک ڈائون کا اعلان چھوٹے تاجروں پر بم بن کر گرا ہے ۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ خریداری کے لئے پیشگی ادائیگی کے ساتھ مال فروخت ہونے پر باقی ادائیگیوں کا شیڈول بنایا جاتا ہے لیکن لاک ڈائون کے فیصلے سے تاجر لاکھوں روپے کے مقروض ہو گئے ہیں اور ان کی کمر ٹوٹ گئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اگر حکومت نے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے کاروبار کرنے کے اوقات کار نہ بڑھائے تو تاجروں کا دیوالیہ نکل جائے گا اور وہ دوبارہ کاروبا ر کرنے کے قابل نہیں رہیں گے ۔