• news

5 خودکشیاں: بھلوال، بیوی قتل کرکے خود کو گولی مار لی

ساہیوال‘ ڈسکہ‘ سرگودھا‘ بھلوال (نامہ نگاران+ نمائندگان) ساہیوال میں گھریلو جھگڑوں پر 2 خواتین‘ سرگودھا میں ایک عورت نے خودکشی کر لی۔ ڈسکہ میں بیماری سے تنگ لڑکی نہر میں کود گئی‘ بھلوال میں دبئی پلٹ نے بیوی کو قتل کرکے خود کو گولی مار لی۔ تفصیلات کے مطابق سلطان پور نون بھلوال میں دوبئی سے گھر آئے شخص اشرف نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ مبینہ طور پر محمد اشرف کئی سال سے دوبئی میں مقیم تھا گزشتہ روز پاکستان گھر آیا۔ طبیعت نازساز ہونے پر اپنی بیوی کو ساتھ لے کر کار میں نکلا مگر اس کی اور اسکی بیوی کی نعش چک 21 کے قریب سے کار میں ملی۔ کار میں موجود پسٹل سے شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اشرف نے پہلے بیوی کو فائر کرکے قتل کیا اور بعد میں خود کو فائر مار کر خودکشی کر لی۔ محمد اشرف کے ورثاء نے کہا وہ کسی کے خلاف کارروائی نہیں چاہتے۔ علاوہ ازیں سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق خوشاب کے محلہ سول ہسپتال میں 45 سالہ شادی شدہ خاتون مہر بی بی نے گھریلو جھگڑے پر زہر کھا کر خود کشی کر لی۔ ڈسکہ کے نواحی گائوں میانوالی بنگلہ کی 17 سالہ (ش) عرصہ دراز سے بیماری میں مبتلا تھی۔ گزشتہ روز اس نے بیماری سے دلبرداشتہ ہوکر نہر بی آر بی میں چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں مگر تاحال اس کی نعش نہیں مل سکی۔ ساہیوال کے نواح میں گھریلو تنازعہ پر زہر کھا کر دو شادی شدہ عورتوں نے خود کشی کر لی۔ چک 69 فور آر میں محمد عمر کی 22 سالہ بیوی عدیلہ نے، موضع گڑھ میں شہادت کی 30 سالہ بیوی ریاض بی بی نے خاوند سے جھگڑ کر کالا پتھر پی کر خودکشی کر لی۔

ای پیپر-دی نیشن