5 رافیل طیارے بھارت پہنچ گئے، وہ فکر کریں جو سلامتی کیلئے خطرہ، راجناتھ کی بڑھک
نئی دہلی (بی بی سی)5 جنگی طیارے رافیل انڈیا پہنچنے کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے انڈین فضائیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ فضائیہ کی طاقت صحیح وقت پر بڑھائی گئی ہے اور اس بارے میں ان کو فکر ہونی چاہیے جو انڈیا کی علاقائی سالمیت کے لیے خطرہ ہیں۔ دنیا کے جدید ترین لڑاکا جیٹس میں شمار ہونے والے فرانسیسی جنگی طیاروں رافیل کو امبالہ کے فضائی اڈے پر انڈین فضائیہ میں شامل کیا گیا۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’رافیل طیاروں اور ہتھیاروں کی وقت پر ڈلیوری کے لیے وہ فرانس کی حکومت اور دساؤ ایوی ایشن کے شکر گزار ہیں۔ فرانس نے وبا کے باوجود ڈلیوری میں دیر نہیں کی۔ اس سے پہلے انڈین وزیر دفاع کے آفس سے کی جانے والی ٹویٹ میں کہا گیا تھا کہ ’پرندے انڈین فضائی حدود میں داخل ہو چکے ہیں، امبالہ میں لینڈنگ مبارک ہو۔ انہوں نے لکھا کہ ’ان طیاروں میں پرواز کی زبردست صلاحیت کے علاوہ ان میں موجود ہتھیاروں کا نشانہ چوکتا نہیں ہے۔ ان کے راڈار، سینسرز اور الیکٹرانک قوت دنیا بھر میں سب سے بہترین ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’رافیل کے آنے سے انڈین فضائیہ کسی بھی چیلینج کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے گی۔ انہوں نے لکھا کہ 'اگر کسی کو اس نئی صلاحیت کے بارے میں فکر یا تنقید کرنی چاہیے تو اسے جو ہماری علاقائی سالمیت کو خطرے میں ڈالنے کی نیت رکھتے ہیں۔ انڈین فضائیہ نے بھی ٹویٹ کر کے رافیل طیاروں کا استقبال کیا ہے۔ اس پس منظر میں فرانسیسی ساخت کے رافیل طیاروں کی شمولیت کو بڑی اہمیت دی جا رہی ہے۔ انڈیا میں غالباً یہ پہلا موقع ہے جب کسی جنگی سازوسامان کو پاکستان کے تناظر میں نہیں بلکہ خصوصی طور پر چین کے پس منظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ دفاعی ماہرین رافیل جنگی طیارے کو گیم چینجر سے تعبیر کر رہے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ ان طیاروں کی شمولیت سے انڈیا کو اونچے فضائی محاذوں پر حملے کرنے میں چین پر برتری حاصل ہو گئی ہے۔ ماہرین کا یہ بھی خیال ہے کہ اس طیارے میں جو میزائل اور بم نصب ہیں، ان کے ہدف پر وار کرنے کی غیر معمولی صلاحیت اسے منفرد بناتی ہے۔