اپوزیشن نیب قانون پر سودے بازی چاہتی ہے، بیشک حکومت چلی جائے این آر او نہیں دینگے: شبلی فراز
لاہور( این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کا قانون تحریک انصاف نہیں بلکہ ملک کے لئے ہے، اپوزیشن اپنے ذاتی مفادات کیلئے نیب کے قانون پر سودے بازی چاہتی ہے ، بیشک تحریک انصاف کی حکومت چلی جائے لیکن ہم اپنے اصول اور نظریے کو چھوڑ کر اپوزیشن کو این آر او نہیں دیں گے، سابق حکومتوں کے کارناموں کی وجہ سے عالمی ادارے ہمارے سر پر سوار ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی حکمت عملی واضح ہے اور وہ اپوزیشن ہو یا کوئی اور کسی کا دبائو نہیں لیتے، احسن اقبال دوسروں کو جنت اور جہنم کی ٹکٹ دینے کی بجائے اپنے گھر کا خیال کریں کیونکہ ان کے لوگ ہماری قیادت کے ساتھ رابطے میں ہیں، اپوزیشن کی اے پی سی بیروزگاروں کا اکٹھ ہے اور عید کے بعد اس کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سند س فائونڈیشن کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شبلی فراز نے کہا کہ عوام کو فلاحی اداروں کی دل کھول کر مدد کرنی چاہئے، سندس فائونڈیشن جیسے ادارے انسانی خدمت کی اعلیٰ مثال ہیں، حکومت کے ساتھ بات چیت کیلئے کمیٹی میں جو لوگ شامل ہیں ان میں سے اکثریت پر کیسز ہیں، اے پی سی بیروزگاروں کا اکٹھ ہوگا، عید کے بعد اے پی سی کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی ۔اپوزیشن کے پاس ملک کے لئے کوئی ا یجنڈا نہیں، ان کا ایجنڈا وہی ہے جو یہ اپنی حکومتوں میں حرکتیں کرتے رہے ہیں، پیپلزپارٹی قومی جماعت تھی جسے سندھ بلکہ علاقائی جماعت بنا دیا گیا ہے اور اس کا سہرا آصف زرداری اور بلاول زرداری کے سر ہے ۔ ایف اے ٹی ایف کے قانون کی منظوری کیلئے اپوزیشن کی حمایت کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ قانون ملکی فائدے کے لئے ہے اور انشا اللہ پاس ہو جائے گا، اگر اپوزیشن کے لوگ تعاون نہیں کریں گے تو ان کا ملک کے مفاد سے کوئی تعلق نہیں ہوگا اور یہ عوام کے سامنے بھی ایکسپوز ہو جائیں گے ،ا نہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مضبوط معیشتوں والے ممالک کی حالت بھی خراب ہو گئی ، ہمارے ہاں نہ صحت کا نظام اچھا تھا اور نہ معیشت اچھی تھی لیکن خدا کی ذات کے فضل و کرم اور وزیر اعظم عمران خان کے بروقت فیصلوں اورحکمت عملی سے ہم کامیاب رہے ،ہم نے وہ مصیبتیں نہیں دیکھیں جو دوسرے ممالک نے دیکھی ہیں اور ہمیں اس پر خدا کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس نے پر ہم رحم کیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کے بھائی کو سندھ میں بھیجنے کے حوالے سے کہا کہ اگر کسی صوبے نے ان کے لئے این او سی مانگا ہے تو اسے دیا گیا ہے، ان کا نظریہ یہی ہے ، یہ ماضی میں بھی لین دین کرتے رہے ہیں کہ میری کرپشن پر تم اور تمہاری کرپشن پر میں فیور دوںگا ، عمران خان کے سوا پی ٹی آئی کچھ بھی نہیں، عوام اور سارے ممبران عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، مائنس ون، ٹو اپوزیشن کے ذہن کے اختراع ہے اور یہ عوام کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں، انہیں معلوم ہے کہ نیا سیاسی نظام ہے اور اگر یہ کامیاب ہو گیا تو ان کیلئے کوئی جگہ نہیں بچے گی۔ ملک کو لوٹ کر اربوں کھربوں بنائے گئے اور آج لندن کے پر فضا مقام پر بیٹھے ہیں، وہ لیڈر کہاںہیں جو کہتے تھے کہ ہم پاکستان کو بچائیں گے ۔ وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بھارت کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے۔ عالمی برادری بھارتی مظالم پر خاموش ہے۔ 5 اگست کو کشمیر کے حوالے سے پروگرام کئے جائیں گے 5 اگست کو دنیا بھر میں بھارت کو بے نقاب کیا جائیگا۔ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ہر فورم پر کشمیر کا معاملہ اٹھائیں گے۔