ڈالر 40 پیسے مہنگا، سونے کے نرخوں میں 250 روپے تولہ اضافہ
لاہور(کامرس رپورٹر) کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر دوبارہ کم ہونا شروع ہو گئی اور ڈالر 33 پیسے مہنگا ہو گیا۔ سٹیٹ بنک کے مطابق انٹر بنک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 33 پیسے کے اضافے سے 166 روپے 78 پیسے رہی۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 40 پیسے کے اضافے سے 167 روپے ہو گئی۔ یورو 50 پیسے مہنگا ہو کر 195 روپے اور برطانوی پاونڈ ایک روپے مہنگا ہو کر 216 روپے کا ہو گیا۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت ریکارڈ سطح 1955 ڈالر ہو گئی تاہم پاکستان میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 250 روپے کا ہی اضافہ ہوا۔ جیولرز کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ 250 روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 22 ہزار 750 روپے ہو گئی اور دس گرام سونا 214 روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 5 ہزار 238 روپے کا ہو گیا۔ جبکہ 22 قیراط سونے کی قیمت 96 ہزار 468 روپے فی دس گرام ہو گئی۔