ملک فرقہ واریت کا متحمل نہیں‘ پیر کو بھی عید کی چھٹی دی جائے: مفتی منیب
لاہور (نیٹ نیوز) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ یہ ملک ہم سب کا ہے اور یہ فرقہ وارانہ تصادم کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ کراچی میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ را اور بھارت نے حال ہی میں اپنی دہشت گردانہ کارروائیوں کو فعال کردیا ہے تو ایسے میں اگر یہاں فرقہ وارانہ تصادم شروع ہوگیا تو اس سے بھارت کے مقاصد کو تقویت پہنچے گی اور پاکستان کمزور ہوگا۔انہوں نے مزید کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت، قتل و غارت اور غیرانسانی کرفیو، لاک ڈاؤن کو ایک سال مکمل ہونے جارہا ہے، ہم اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور حقوق انسانی کے عالمی اداروں کی شدید ترین مذمت کرتے ہیں کہ اس خالص انسانی مسئلے کو اس فورم پر آج تک اجاگر نہیں کیا گیا۔ ساتھ ہی بھارتی حکومت کو کوئی واضح پیغام نہیں دیا گیا کہ وہاں پر اسلام کو کچلنے کی جو کارروائی ہورہی ہے اس پر روک ٹوک عائد کی جائے۔ مفتی منیب الرحمن کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2020 کو بھارتی حکومت کے اس جابرانہ اقدام کو ایک سال مکمل ہوجائے گا، سارے اہل پاکستان اس پر احتجاج کریں۔ مفتی منیب نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اتنی ظالمانہ مظاہر کو دیکھنے کے باوجود ایک بھی او آئی سی کی سربراہی کانفرنس منعقد نہیں ہوسکی۔ معاشرتی اور سفارتی سطح پر کوئی اقدام نہیں کیا جاسکا۔ یہ رویہ امت مسلمہ کے لیے تباہ کن ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سے پیغامات آئے کہ قربانی کے 3 دن ہوتے ہیں اور انہوں نے 3 دن کی چھٹی کا اعلان کیا ہے لیکن چونکہ ہفتہ اور اتوار کی ویسے ہی تعطیل ہوتی ہے، لہٰذا پیر کی چھٹی کا بھی اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے پہلے روز قصاب بہت زیادہ اجرت لیتے ہیں۔ وزیراعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ پیر (یعنی عید کے تیسرے) دن کی چھٹی کا اعلان کریں۔ اس موقع پر سائنس اور علما کے درمیان اختلاف سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سائنس اور علما میں کوئی اختلاف نہیں، سائنسدان ہمارے ساتھ ہیں اور جنہوں نے فواد چوہدری کو کلینڈر بنا کر دیا وہ ہماری رویت ہلال کمیٹی کے اراکین ہیں اور محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ ہمارے رکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم 25 سال سے رویت ہلال کو چلا رہے ہیں تو ہمیں سائنس کا بھی پتہ ہے، ہم تمام چیزوں کا مطالعہ کرتے ہیں، جتنی سائنس آپ جانتے ہیں وہ ہم بھی جانتے ہیں اور جو ڈگریاں فواد چوہدری کے پاس ہیں وہ ہمارے پاس بھی ہیں، اسی دوران ایک صحافی کی فواد چوہدی سے متعلق بات پر مفتی منیب نے کہا کہ وہ کہاں سے سائنسدان یا ماہر فلکیات آگئے ہیں۔