افغانستان: جھڑپ ، 17 طالبان ہلاک،جنگ بندی پر امریکا کا خیر مقدم
کابل(نیٹ نیوز+آن لائن)افغان وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے فریاب میں ایک جھڑپ کے دوران 17 طالبان مارے گئے جبکہ ایک کمانڈر سمیت 11 اہلکار زخمی ہیں۔ طالبان جنگجو سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کی تیاری کر رہے تھے کہ افغان فوج نے دھاوا بول دیا، وزارت نے ہلاکتوں کے شواہد اور شناخت پیش نہیں کئے۔ علاوہ ازیںافغان حکومت اور طالبان عیدالاضحیٰ کے دوران 3 دن کی جنگ بندی کے اعلان کا امریکہ نے خیرمقدم کیا ہے۔ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے اپنے ایک بیان میں فریقین کے درمیان سیز فائر کا خیر مقدم کرتے ہوئے دونوں اطراف کی لیڈر شپ کے امن و امان کی کاوشوں کو سراہا ہے اور ان کے کردار کی تعریف کی ۔زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا ہم توقع کرتے ہیں کہ ایک دوسرے کے لیے عزت اور سمجھنے کی صلاحیت بڑھے گی، افغان عوام کو عید پر پر امن تعطیلات کی مبارک باد دیتا ہوں، عید بھائی چارے اور صدقے کا نام ہے۔