کامیاب جوان پروگرام میرٹ پر مبنی: عثمان ڈار‘ مسلم لیگ (ن) کو مناظرے کا چیلنج
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ 9 اگست کو وزیراعظم کی قیادت میں شجرکاری مہم کے دوران ریکارڈ دس لاکھ درخت لگائے جائیں گے۔ ارکان پارلیمنٹ، نوجوانوں اور تمام پاکستانیوں کو بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لینا چاہئے۔ ٹائیگر فورس کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے۔ فورس کے تین لاکھ نوجوانوں نے کرونا وائرس کے خلاف بھی قابل قدر خدمات انجام دیں۔ مسلم لیگ (ن) کو مناظرے کا چیلنج کرتا ہوں کہ موجودہ دور حکومت میں کامیاب جوان پروگرام میرٹ اور شفافیت پر مبنی ہے جبکہ ماضی میں من پسند افراد کو لیپ ٹاپ اور قرضے دیئے جاتے تھے، اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کے ہر اقدام پر تنقید کرتی ہے لیکن دنیا ان کے اقدامات کا اعتراف کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے وزیراعظم ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کیلئے تیار کردہ موبائل ایپ کا افتتاح کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موبائل ایپ کے ذریعے نوجوان رضا کار وزیراعظم ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ ہو سکیں گے، رضاکار اس ایپ کے ذریعے کورونا سے بچائو کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی نشاندہی کر سکیں گے جبکہ اس میں گرین سیلفی کا فیچر بھی موجود ہے، وہ پودا لگا کر اس میں اپنی تصویر بھی بھیج سکیں گے۔