• news

برطرف پائلٹ کی لائسنس بحالی کی درخواست سماعت کیلئے منظور

اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے برطرف پائلٹ سید ثقلین اختر کی لائسنس بحالی کی درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی۔ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سیکریٹری ایوی ایشن، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی، سی ای او پی آئی اے و دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے۔عدالت نے استفسار کیا کہ ڈی جی سی اے اے کی پوسٹ ڈھائی سال سے کیوں خالی ہے؟۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سیکریٹری ایوی ایشن کے پاس ڈی جی سی اے اے کا چارج بھی ہے، سی اے اے کا ہیڈ کواٹر کراچی میں ہے، لیکن یہ وفاقی ادارہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ آرڈر وفاقی حکومت کی مشاورت سے جاری کیا گیا ، بورڈ آف انکوائری کمیشن ایکٹ 2017 کے تحت تشکیل نہیں دیا گیا۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ایگزیکٹو انکوائری کرا سکتا ہے، اسے اس کا اختیار ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے درخواست گزار کی جانب سے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ سی اے اے نے 14 جولائی کو ایئر لائن ٹرانسپورٹ لائسنس منسوخ کیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی تاحال میرے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی۔انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے نے مجھے سنے بغیر 21 جولائی کو ملازمت سے برطرف کر دیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔عدالتِ عالیہ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 اگست تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن