• news

برطانیہ، چین مشترکہ چیلنجز پر قابو پانے کیلئے تعاون کرینگے

لندن (اے پی پی) برطانوی وزیر خارجہ ڈومینیک راب نے اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ برطانیہ چینی حکومت کے ساتھ مثبت اور تعمیری روابط برقرار رکھنے کے لیے کام کرے گا۔ برطانوی خارجہ و دولت مشترکہ کے دفتر اور خارجہ دفتر کے ترجمان کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ وزیر خارجہ ڈومینیک راب نے چینی سٹیٹ قونصلر و وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ برطانیہ چینی حکومت کے ساتھ مثبت اور تعمیری روابط برقرار رکھنے پر کام کرے گا اور وہ اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن مشترکہ اور فوری چیلنجز پر قابو پانے کے لیے چین کے ساتھ تعاون کریں گے۔ وزیر خارجہ ڈومینیک راب نے بین الاقوامی برادری کے ساتھ بین الاقوامی ذمہ داریوں کو نبھانے سے متعلق چین کے اعتماد کو دوبارہ بحال کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ بیان میں بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے تجارت میں اضافے اور ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے سمیت وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے مل کر تعمیری و پیداواری کام کرنے پر اتفاق کیا۔

ای پیپر-دی نیشن