• news

پنجاب کے ضلعی اور تحصیل سطح کے ہسپتال اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے: اسد عمر

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت پنجاب میں کوویڈ 19 کی موجودہ صورتحال اور پی ایس ڈی پی کے تحت پنجاب کے دس اضلاع میں زجہ و بچہ اور ٹیچنگ ہسپتالوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے اسلام آباد میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد، ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن، فوکل پرسن کوویڈ -19 فیصل سلطان، وفاقی سیکرٹری صحت، صوبائی سیکرٹری صحت اور سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسد عمر کو صحت کے امورکے حوالے سے کیے گئے اقدامات، صحت کے شعبے میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹس اور کرونا وائرس پھیلائو اور اقدامات سے متعلق آگاہ کیاگیا۔ یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب کے دس اضلاع میں زچہ و بچہ اور ٹیچنگ ہسپتال قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے صحت کے شعبے کو نظر انداز کیا جس کا خمیازہ عام آدمی آج بھگت رہا ہے ، ماضی میں صحت کے شعبے کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے کرونا جیسی وبا ء سے نمٹنے کے دوران ہمیں بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ موجودہ حکومت نے خاص طور پر کوویڈ کے تجربات کی روشنی میں رواں مالی سال پاکستان کی تاریخ کا وفاقی پی ایس ڈی پی کا سب سے بڑا فنڈ صحت عامہ کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختص کیا ہے۔ اسد عمر نے فیصل آباد کے عوام کو جدید صحت عامہ کی سہولیات فراہم کرنے نیز فیصل آباد کے حسیب شہید ہسپتال کو فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔ اسد عمر نے پنجاب کے ضلعی اور تحصیل سطح کے ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ای پیپر-دی نیشن