• news

امریکہ تنازعا ت کو ہوا دیکر علاقائی صورتحال کو پریشان کن بنا رہا ہے: چین

بیجنگ (اے پی پی) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے کہا ہے کہ چین آسیان ممالک کے ساتھ بحیرہ جنوبی چین کے ضابطہِ اخلاق کے بارے میں صلاح ومشورے کو آگے بڑھانے پر تیار ہے تاکہ جلد ہی ایسے اصول و ضوابط طے کئے جا سکیں جن پر چین اور آسیان مشترکہ طور پر کاربند رہیں۔بیجنگ میں منعقدہ پریس کانفرنس میں وانگ وین بین نے کہا کہ حال ہی میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بحیرہ جنوبی چین کے مسئلے پر چین کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے ، دراصل یہ چین نہیں امریکہ ہے جو بحیرہ جنوبی چین میں مسلح تنازعات کو ہوا دے کر علاقائی صورت حال کو پریشان کن بنا رہا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق رواں سال کے پہلے نصف میں امریکی فوجی طیاروں نے بحیرہ جنوبی چین پر دو ہزار سے زائد مرتبہ کارروائیاں کیں۔ رواں ماہ کی پندرہ تاریخ سے اب تک امریکی فوجی طیارے مسلسل بارہ دنوں تک بحیرہ جنوبی چین پہنچے اورجاسوسی کرنے کی کوشش کی، یہ ناصرف خطے کے امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ یہ بحیرہ جنوبی چین کے اردگرد موجود تمام ممالک کے مفادات کی بھی خلاف ورزی ہے، امریکہ کی ان کارروائیوں کا کیا مقصد ہے ، امریکہ کو یہ واضح کرنا چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن