• news

سابق دور کی لوٹ مار سے ناقابل تلافی نقصان ہوا، کرپشن میں کمی ہمارا کریڈٹ ہے: عثمان بزدار

لاہور ( نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ بزدار کی زیرصدارت محکمہ ہاؤسنگ کی کارکردگی اور جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ بارشی پانی کے انڈر گراؤنڈ سٹوریج پراجیکٹ کو بتدریج دیگر شہرو ں تک بڑھایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے انڈر گراؤنڈ سٹوریج کے منصوبے دیگر شہروں میں بھی شروع کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ لاہور کے ساتھ پنجاب کے بڑے شہروں میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے انڈر گراؤنڈ ٹینک بنائے جائیں گے اور ذخیرہ کئے گئے پانی کو ہارٹیکلچر کیلئے استعمال کیا جائے گا اور بارشی پانی کو صاف کرکے پینے کے قابل بھی بنایا جا سکے گا۔ لارنس روڈ پر بارشی پانی ذخیرہ کرنے کے لئے بنایا گیا انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک کا منصوبہ بہت افادیت کا حامل ہے۔ لاہور میں 14 لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے کیلئے انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک بنایا ہے۔ لاہور میں سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے کام کر رہے ہیں اور اس منصوبے پر تقریباً 21 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ واساز کے بزنس پلان تیار کر لئے گئے ہیں۔ واساز کو نئے تقاضوں کے مطابق کام کرنا ہوگا۔ لاہور میں ہارٹیکلچر اکیڈمی بنائیں گے۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو جلد شروع کیا جائے اور اس ضمن میں نجی شعبے کو ہر ضروری سہولت فراہم کی جائے گی۔ آب پاک اتھارٹی کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔ عثمان بزدار نے سجادہ نشین درگاہ عالیہ گولڑہ شریف پیر شاہ عبدالحق گیلانی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے مکمل خاتمے کے عزم کے ساتھ دن رات کام کررہے ہیں۔ موجودہ حکومت نے شفافیت سے سرکاری امور سر انجام دینے کے رجحان کو فروغ دیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ ہر سطح پر شفافیت ومیرٹ کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ پاکستان میں کرپشن میں کمی اور شفافیت میں اضافہ موجودہ حکومت کا کریڈٹ ہے۔ سابق ادوار میں کرپشن اور لوٹ مار کے ذریعے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا اور کرپٹ عناصر نے ذاتی تجوریاں بھریں اور ملک کو کنگال کیا۔ کرپٹ عناصر کی نئے پاکستان میں رتی بھر بھی گنجائش نہیں۔ ہمارا ایجنڈا شفاف پاکستان ہے کرپشن کے خاتمے اور کرپٹ عناصر کے احتساب کا ایجنڈا لیکر آئے ہیں جسے مکمل کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی وہ منزل حاصل کرے گا جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن