کراچی بارش کا مسئلہ حل ہو گیا تو گورنر آنسو بہانے آ گئے: مرتضیٰ وہاب
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بارش کے بعد کام ہو چکا تو وفاق کو خیال آیا۔ کراچی میں بارش کے وقت کیا گورنر سڑکوں پر تھے۔ اب مسئلہ حل ہو گیا تو یہ آنسو بہانے کیلئے آ گئے۔ پی ٹی آئی بطور جماعت اور حکومت کام کرنے پر حقیقت نہیں رکھتی۔ پی ٹی آئی کا ایک ہی کام ہے اعلان کرو وعدے کرو بس کام نہ کرو۔ عمران خان نے الیکشن سے پہلے اور اقتدار میں آنے کے بعد کراچی والوں کو خواب دکھائے۔ دو سال میں خان صاحب کا کوئی وعدہ‘ اعلان پورا نہیں ہوا۔ وزیرعظم نے کراچی کی بارشوں پر اب نوٹس لیا۔ حیرت اور افسوس ہے کراچی میں بارشوں کو گزرے چار روز ہو گئے۔ برساتی پانی کی نکاسی ہو چکی پریشانی کا مداوا بہت حد ہو چکا۔ بارشوں کے دوران پی ٹی آئی ایم این ایز‘ ایم پی ایز سڑکوں پر نظر نہیں آتے۔ حکومت کی نظر میں کراچی چندہ مانگنے کی فیکٹری ہے۔ یہ ووٹ اور چندہ لینے آتے ہیں۔ اس کا اصول ہے کراچی آؤ ووٹ اور چندہ لو پر کام نہیں کرو۔