متعدد ملزموں کی ضمانتیں، کئی درخواستیں خارج، عدالتوں کے باہر خوشی اور غم کے مناظر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) عیدالاضحیٰ کی تعطیلات سے ایک روز قبل جمعرات کو لاہور کی ماتحت عدالتوں میں ملزمان کی ضمانتوں کیلئے آنے والے بچوں اور عزیز و اقارب کا رش لگا رہا۔ ماتحت عدالتوں میں جیلوں میں زیر حراست ملزمان کی تین سو سے زائد درخواستیں دائر ہوئی جن میں سنگین جرائم سے متعلق سینکڑوں ضمانت کی درخواستیں خارج ہوئیں اور معمولی نوعیت کے جرائم میں گرفتار ملزمان کی ضمانتیں لے لی گئیں۔ عدالتوں کے باہر خوشی اور غمی کی صورتحال دیکھنے میں آئی۔ اس مرتبہ کرونا وائرس کی وجہ سے لاہور سمیت پنجاب بھر کی جیلوں میں ہزاروں قیدی جیل کی سلاخوں کے پیچھے عید کا تہوار منائیں گے۔ کرونا وباء کے باعث عدالتوں میں پیش نہ ہونے کی وجہ سے بیشتر ملزمان اپنے بچوں سے نہ مل سکے اور نہ ہی ان کو ضمانتوں پر رہائی مل سکی۔ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ملزمان اپنوں کو یاد کرکے روتے رہے۔ درخواست گزاروں کے وکلاء کا کہنا ہے کہ ہم نے بہت کوشش کی ملزمان باہر آ جائیں تاہم ملزمان کو رہائی نہ مل سکی۔