ایف اے ٹی ایف سے متعلق دو اہم بلوں کی منظوری تاریخی کارنامہ،فیاض چوہان
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سے ایف اے ٹی ایف سے متعلق دو اہم بلوں کی منظوری پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایک تاریخی کارنامہ ہے۔ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی چیخ و پکار ہڑبونگ اور ہنگامہ آرائی کے باوجود اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل ایکٹ 1948 ترمیمی بل اور انسداد دہشت گردی سے ایکٹ 1997 سے متعلقہ ترمیمی بل کی منظوری وزیراعظم عمران خان کی ملک و قوم سے کمٹمنٹ اور دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کے عزم کا ثبوت ہے ان خیالات کا اظہار وزیرِ اطلاعات پنجاب نے راولپنڈی میں اپنے سیکریٹریٹ میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کیافیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دونوں بلوں کا بنیادی مقصد ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لئے شرائط کو پورا کرنا تھا۔اقوامِ متحدہ سکیورٹی کونسل (ترمیمی) ایکٹ کے تحت وفاقی حکومت متعلقہ اتھارٹیز کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دہشتگردوں کی مالی امداد میں ملوث افراد اور اداروں کے اثاثہ جات منجمند و ضبط کرنا، سفری پابندیاں اور ہتھیاروں کی روک سے متعلق احکامات جاری کر سکے گیااور اقوام متحدہ کی قراردار نمبر 1373 کے مطابق تمام ممبر ممالک پر دہشت گردوں کی مالی امداد کو روکنے سے متعلق مقامی قوانین کے نفاذ کو یقینی بنانا ہے پاکستان انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت یہ ذمہ داری پوری کر رہا ہے پاکستان انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس اور ایف اے ٹی ایف کی شرائط اور فیصلہ جات پر عملدرآمد کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے اور اس قانون سازی کے ذریعے ہمیں ایف اے ٹی ایف کی ڈیڈ لائن پر پورا اترنے میں مدد ملے گی صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بل کی منظوری کے موقع پر اپوزیشن کا واویلا اس امر کا غماز ہے کہ ان کی ہمدردیاں پاکستان کے عوام اوراس مملکت خداداد کے ساتھ نہیں بلکہ ملک دشمنوں اور دہشتگردوں کے ساتھ ہیں جو کبھی بھی پاکستان کے خیر خواہ نہیں رہے افواج پاکستان نے لازوال قربانیاں دے کر پاکستان کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلائی اور وزیراعظم عمران خان اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاکستان سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور معاشی طور پر مستحکم کرنے کے مقاصد انشاء اللہ جلد حاصل ہونگے وزیر اطلاعات پنجاب نے اپوزیشن کے منفی رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے امور اور عوام کے جان ومال کے تحفظ سے متعلق قانون سازی کے موقع پر اپوزیشن کا غیر سنجیدہ اور غیر جمہوری طرز عمل ملک و عوام دشمنی کے مترادف ہے۔