شوگر مافیا کیخلاف کارروائی کیلئے 11 رکنی ایف آئی اے ٹیم تشکیل، منی لانڈرنگ کی بھی تحقیقات ہو گی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) شوگر مافیا کے خلاف کارروائی کے لئے ایف آئی اے کی گیارہ رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی، ٹیم جعلی طور پر چینی کی افغانستان برآمد کرنے سمیت منی لانڈرنگ کی بھی تحقیقات کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ پرایکشن کیلئے فیڈرل انوسٹییگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے گیارہ رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی، تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون ڈاکٹر معین مسعود ہوں گے۔ ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم میں کسٹمز، ایف آئی اے، ایف بی آر،سٹیٹ بینک نمائندے بھی شامل ہیں، گیارہ رکنی تحقیقاتی ٹیم جعلی طور پر چینی کی افغانستان برآمد کرنے سمیت منی لانڈرنگ کی بھی تحقیقات کرے گی۔یاد رہے وفاقی کابینہ نے 23 جون کو شوگر کمیشن کی رپورٹ پر کارروائی کی منظوری دی تھی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر مشیر احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے خطوط ارسال کیے۔ گورنر سٹیٹ بینک، مسابقتی کمیشن اور تین صوبوں کو بھی خط لکھے گئے جس کیساتھ شوگر کمیشن رپورٹ بھی بھجوائی گئی۔ واضح رہے سپریم کورٹ نے شوگر ملز مالکان کو سندھ ہائیکورٹ سے ملنے والا ریلیف ختم کرتے ہوئے چینی سکینڈل کے معاملے پر شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں حکومت کو کارروائی کی اجازت دی تھی، تاہم معاملے پر عدالتی فیصلے آنے تک غیر ضروری اقدامات اٹھانے اور شوگر کمیشن رپورٹ پر حکومتی عہدیداروں کو بیان بازی سے روک دیا گیا تھا۔