مودی کشمیر میں خون خرابہ کر رہا ہے‘ ہمارے حکمران سو رہے ہیں‘ سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مودی کشمیر میں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے جبکہ انسانی حقوق کے نام نہاد اداروں کی طرح ہمارے حکمران بھی سوئے ہوئے ہیں۔قوم کو کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے اسلامی تشخص کی حفاظت کیلئے جاگنا ہوگا۔ جماعت اسلامی 4اگست کواسلام آباد میں کشمیر کی آزادی کیلئے مشاورتی کانفرنس اور 5اگست کو ملک بھر میں یوم سیاہ منائے گی۔ مودی بابری مسجد کی جگہ اور ہمارے حکمران اسلام آبادمیں مندر تعمیر کررہے ہیں ،معلوم ہوتا ہے دونوں کا ایجنڈا ایک ہے۔ آیا صوفیہ مسجد کی 86سال بعد بحالی پر ترک عوام اور پوری امت مسلمہ کو مبارک باد۔ترک عوام اس لیے بھی مبارک باد کے مستحق ہیں کہ ان کو مسجدیں آباد کرنے والے حکمران ملے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 5اگست 2019کے بھارتی اقدام کے بعد مودی مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے مسلمانوں کا قتل عام کررہا ہے اور بھارت سے ہزاروں کی تعداد میں آرایس ایس کے غنڈوں کو کشمیر میں بسایا جارہا ہے۔ دریں اثناء سینیٹر سراج الحق نے پنجاب یونیورسٹی کے ریٹائرڈ پروفیسر احمد علی چٹھہ کے دن دیہاڑے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔پروفیسراحمد علی چٹھہ کی نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ لاہور جیسے بھرے پرے شہر میں دن دیہاڑے ایک معصوم استاذ کا قتل حکومت پنجاب اور انتظامیہ کی نااہلی اور غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔نماز جنازہ میں سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، نائب امراء لیاقت بلوچ ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،وی سی جامعہ پنجاب، میاں مقصود احمد ،ذکر اللہ مجاہد سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے بھی شرکت کی۔ سینیٹر سراج الحق نے قوم کو عیدالاضحی کی مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی بقا،سلامتی اور خوشحالی کا ضامن صرف اسلام ہے ، خوشحالی اور ترقی کی منزل حاصل کرنے کے لیے ہمیں پاکستان کو ایک ویلفیئر اسلامی ریاست بنانے کی جدوجہد کرنا ہوگی،یہ جدوجہد ہم پر نہ صرف فرض ہے بلکہ ایک ایسا قرض ہے جو ہمارے آباؤ اجداد ہمارے ذمہ واجب الادا چھوڑ گئے ہیں۔