• news

کرونا: مزید 21 اموات، 1353 نئے مریض، فعال کیس 25 ہزار 177 رہ گئے

اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار+ شنہوا) پاکستان میں کرونا وائرس سے اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 78 ہزار892 ہوگئی ہے جن میں سے 5 ہزار 967 مریض انتقال کرچکے ہیں اور 2 لاکھ 47 ہزار 177 صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔ کرونا وائرس کے مزید 1353 نئے مریض اور21 اموات رپورٹ ہوئیں اس کے علاوہ آج مزید ایک ہزار 46 مریض شفایاب ہوئے۔ ملک میں بڑی تعداد میں لوگوں کے شفایاب ہونے سے مجموعی متاثرین میں سے تقریباً 88 فیصد لوگ صحتیاب ہوگئے اور فعال کیسز صرف 25 ہزار 748 رہ گئے ہیں۔ 31 جولائی کو سندھ میں مزید 489 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور 11 اموات رپورٹ ہوئیں۔ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 21 ہزار 39 تک جا پہنچی اور اب تک صوبے میں 2 ہزار 220 مریض انتقال کرچکے ہیں۔پنجاب میں کرونا وائرس نے مزید 218 افراد کو متاثر کیا جبکہ 2 مریض انتقال کر گئے۔ مجموعی کیسز کی تعداد 92 ہزار 873 تک پہنچ گئی۔ اموات 2140 تک جاپہنچی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس نے مزید 27 افراد کو متاثر کیا اور خوش قسمتی سے کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔ مجموعی کیسز 15 ہزار 14 تک پہنچ گئے۔ آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کے کیسز 2 ہزار 73 ہوگئے۔ 24 گھنٹوں میں 8 نئے مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 3 مریض انتقال کر گئے۔ 54 افراد انتقال کر چکے ہیں۔خیبر پختونخوا میں مزید 98 افراد کووِڈ 19 کا شکار بنے اور 5 اموات سامنے آئیں۔ مریضوں کی مجموعی تعداد 34 ہزار 56 جبکہ اموات کی تعداد 1199 ہوگئی۔ گلگت بلتستان میں مزید 15 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی اور کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔ مجموعی کیسز 2 ہزار 105 تک جاپہنچے۔ 24 گھنٹوں میں ملک میں ایک ہزار 46 مریض شفایاب ہوئے۔ جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر وائرس سے شفاپانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 47 ہزار 177 ہوگئی۔ عالمی وبا کرونا وائرس کے باعث دنیا میں 6 لاکھ 76 ہزار 759 اموات ہوچکی ہیں اور ایک کروڑ 74 لاکھ 76 ہزار ایک سو 5 افراد متاثر ہوئے جبکہ ایک کروڑ 9 لاکھ 39 ہزار 473 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔ امریکہ میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 46 لاکھ 34 ہزار 985 ہو گئی ہے اور اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 55 ہزار 285 تک پہنچ چکی ہے۔ برطانیہ میں کرونا ٹیسٹ اینڈ ٹریس سسٹم لاگو ہے اور کرونا مریضوں سے ملاقات کرنے والوں کو آئسولیٹ کیا جا رہا ہے۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا ویکسین آزمائش کی تیاری شروع کر دی ہے۔ ویکسین کی آزمائش کیلئے رضاکاروں کے ناموں کا اندراج کیا جا رہا ہے۔ آزمائش کیلئے 20 ہزار افراد کے ناموں کا اندراج کیا جائے گا۔ انہوں نے یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرونا ویکسین کی آزمائش کیلئے رضاکاروں کے ناموں کے اندراج کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ آزمائش کیلئے 20 ہزار افراد کے ناموں کا بطور رضاکار اندراج کیا جائیگا۔چین کے صوبہ لیانِنگ کے صحت کمیشن نے جمعہ کے روز کہاہے کہ جمعرات کو نوول کروناوائرس کے 11نئے کیسز کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ کیسز کا تعلق ڈالیان شہر سے ہے جبکہ ان میں سے 6کیسز اس سے قبل بغیر علامات والے کیسز تھے۔10افراد کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔میکسیکو میں 24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے باعث639ہلاکتیں، تعداد46ہزار ہوگئی ہیں۔ میکسیکو میں کل 4لاکھ 16ہزار179کیسز کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں، یہ تعداد گزشتہ روز کی نسبت 7ہزار730کیسز زیادہ ہے۔ جنوبی کوریا میں 36نئے کیسز، تعداد14ہزار305ہوگئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن