• news

کرونا پر پوائنٹ سکورنگ کرنیوالے اپوزیشن رہنما جھوٹ سے توبہ کر لیں: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبہ بھر میں 5اگست کو ’’یوم استحصال کشمیر‘‘ منایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ آفس سے گورنر ہاؤس تک ریلی نکالی جائے گی۔ عثمان بزدار ریلی کی قیادت کریں گے ۔ ارکان اسمبلی، پارٹی رہنما اور اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ پنجاب کے ہر ڈویژن میں تقریبات اور ریلیاں ہوں گی۔ تقریبات کرونا ایس او پیز کے تحت کی جائیں گی۔ ریلی کے شرکاء کالی پٹیاں باندھ کر بھارتی جبر واستبداد کے خلاف پرامن احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیرکے لاک ڈاؤن کو ایک سال گزر چکا ہے۔ مظلوم کشمیری بھارتی ظلم وستم کی وجہ سے بے بسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ بھارت کاغیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر پر قبضہ صدی کا سب سے بڑا انسانی بحران اورالمیہ بن چکا ہے کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر دنیا خاموش ہے لیکن پاکستان چپ نہیں ہے۔ عثمان بزدار نے عوام سے عیدالاضحیٰ سادگی سے منانے اور کرونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں خود ایس او پیز پر عملدرآمد کروں گا اور سادگی کے ساتھ عید مناؤں گا۔ عثمان بزدارنے عید الاضحی کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلی پیغام میں کہا کہ کرونا کے باعث عید الاضحی سادگی کے ساتھ منانا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ کرونا کے باعث شہید ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ عید الاضحی قربانی، ایثار اورخوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے۔ اپنے ارد گرد سفید پوش افرادکی مددکر کے اللہ تعالیٰ کو راضی کیجئے۔ پسے ہوئے طبقے کو اپنے ساتھ لے کر چلنے میں ہی ہماری نجات ہے۔ ہمیں عید قربان پر جھوٹ، منافقت اور غیبت کو ہمیشہ کیلئے قربان کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔ عثمان بزدار نے کہاہے کہ کرونا وباء کے دوران منفی سیاست کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی لہذا اس ہزیمت کے بعد کورونا پرپوائنٹ سکورنگ کرنے والے اپوزیشن رہنماؤں کو جھوٹ کی سیاست سے توبہ کر لینی چاہیے-عمران خان کی قیادت میں حکومت کی انسداد کرونا پالیسی کامیاب رہی اور سمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث کرونا وباء کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن