• news

جذبہ ایثار امت محمدیہ ؐ کو ممتاز کرتا ہے: ساجد میر

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے عید الاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں ملت اسلامیہ اور بالخصوص اسلامیان پاکستا کو عید الاضحی کی مبارک دی ہے۔ اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھاکہ عید الاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کے عظیم جذبہ ایثار کی یاد میں منائی جاتی ہے۔ یہی جذبہ ایثار امت محمدیہ کو ممتاز اور بلند مقام عطا کرتا ہے۔ قربانی محض جانور ذبح کرنے یا گوشت کی تقسیم کا نام نہیں ہے۔ قربانی کا فلسفہ یہ ہے کہ اہل ایمان اللہ کے راستے میں جان، مال، اولاد، عزت و آبرو، راحت و آرام قربان کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا مقصد مسلمانوں میں ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔ قربانی کا مقصود تقویٰ اور پرہیز گاری ہے، رضائے الٰہی کے حصول کی نیت سے کی جانیوالی قربانی کا اللہ کے ہاں بڑا اجر و ثواب ہے۔ علامہ ساجد میر کا کہنا تھا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پرعزیز و اقارب اور مستحقین کا خاص خیال رکھا جائے، یہی عمل اسلامی عبادات کی اصل روح اور اللہ کی خوشنودی کے حصول کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن