مودی‘ یہودی کو پاکستان میں قومی وحدت برداشت نہیں: علامہ زبیر ظہیر
لاہور (نیوز رپورٹر) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ مودی اور یہودی پاکستان میں قومی وحدت کو برداشت نہیں کر پا رہے۔ وہ اپنے مذموم مقاصدکو حاصل کرنے کیلئے تمام وسائل خرچ کررہے ہیں مگر آج کے دن ہم سب نے یہ عہدکر نا ہے کہ ذاتی اور سیاسی مفادات کو ملک وملت کے مفادات کے تحفظ کیلئے قر بان کردیں گے۔ ہم نے پاکستان دشمن قوتوں کو ہر صورت ناکام بنانا ہے اور کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کرنا۔ کرونا سے بچائو کے لیے عوام ایس او پیز پر بھی مکمل عمل کر یں۔ حج اور قربانی کا تقاضہ ہے کہ مسلمان فکر ابراہیمی اور طریقہ محمدی اختیار کریں۔ مسلمان خواتین وحضرات حضرت ابراہیم خلیل اللہ‘ انکے بیٹے اور ہاجرہ علیہم السلام کے کردار اور اخلاق کو سامنے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف جانوروں کی قربانی دینے کی بجائے اپنی ناجائز خواہشات اور تمنائوں کو ملک اور ملت اسلامیہ کے اجتماعی مفادات کیلئے قربان کر دیں اور صرف ملت ابراہیمی اور امت محمدی بننے کی کوشش کریں اور اپنے اپنے فرقوںکو ملت اسلامیہ کے اتحاد کیلئے ختم کرنے کی قربانی دیں اپنی انا اور ضد کو ختم کر کے اتحاد امت پیدا کریں۔ پاکستان دشمن قوتیں ملک میں فرقہ واریت اور بدامنتی کو پروان چڑھانے چاہتی ہے اس لیے قومی سلامتی کے تمام اداروں اور حکمرانوں کو ہوشیار اور بیدار ہوتے ہوئے ان ملک دشمنوں کی سازشوں کا تدارک کرنا ہوگا۔