رام مندر کا سنگ بنیاد رکھنے سے قبل پجاری اور 16 سکیورٹی اہلکار کرونا کا شکار
نئی دہلی(صباح نیوز)بھارت میں منہدم تاریخی بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کے لیے بھارتی وزیر اعظم کے ذریعہ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے ایک ہفتہ قبل مندر کا ایک پجاری اور سکیورٹی پر تعینات 16 اہلکار کرونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ اترپردیش کے اجودھیا میں رام مندر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ یہ تقریب ایسے وقت میں منعقد کی جارہی ہے جب ملک کرونا وائرس کی وبا کی زد میں ہے اور اس کی شدت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ حالانکہ تقریب سے قبل کووڈ 19سے حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔ لیکن پجاری اور سکیورٹی اہلکاروں کے کرونا سے متاثر پائے جانے کی خبر نے منتظمین کو پریشانی میں ڈال دیا ہے۔مندر کا سنگ بنیاد رکھے جانے کی تیاریوں کے درمیان مندر کے انتظام و انصرام کی ذمہ داری سنبھالنے والے رام جنم بھومی تیرتھ ٹرسٹ نے کہا ہے کہ رام جنم بھومی کے پجاری پردیپ داس کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ پردیپ داس رام جنم بھومی کے ہیڈ پجاری آچاریہ ستیندر داس کے شاگرد ہیں۔ وہ سنگ بنیاد تقریب میں شامل ہونے والے تھے۔ ان کے علاوہ رام جنم بھومی کی سیکورٹی پر تعینات 16 سیکورٹی اہلکار بھی کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ ان افراد کو کورونا سے متاثر پائے جانے کے بعد انہیں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔ پانچ اگست کو وزیر اعظم نریندر مودی رام مندر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس موقع پر 200 افراد کو شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔ ان میں پجاری، سیکورٹی اہلکار، مہمانان اور مقامی اہم شخصیات شامل ہیں۔