• news

مسلم لیگ ن کے ایم این اے افتخار الحسن عید کے دوسرے روز انتقال کر گئے

ڈسکہ‘ سیالکوٹ‘ ستراہ (نامہ نگاران، نمائندہ خصوصی)5بار ایم این اے اور 4بار ممبر صوبائی اسمبلی رہنے والے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سید افتخارالحسن شاہ خالق حقیقی سے جاملے، تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن پیر سید فیض الحسن شاہ کے گھر آلو مہار شریف میں 2فروری 1942ء کو پیدا ہونیوالے سید افتخار الحسن شاہ المعروف ظاہرے شاہ82سال کی عمر میں رضائے الہٰی سے انتقال کرگئے۔ سیدافتخارالحسن شاہ گزشتہ کافی دنوں سے دل کے عارضہ میں مبتلاتھے۔ عید کے دوسرے روز دنیا فانی سے کوچ کرگئے۔ مرحوم مسلسل قومی اسمبلی کے پانچ انتخابات میں کامیاب ہوئے۔ 4مرتبہ خود اور ایک مرتبہ گریجویٹ کی شرط پر اپنے داماد سید مرتضیٰ امین کی شکل میں منتخب ہوئے۔ سیاست کا آغاز اپنے گائوں بی ڈی ممبر سے 2دفعہ ممبر ضلع کونسل 5بار ایم این اے اور 4بار ممبر صوبائی اسمبلی رہے۔ مرحوم نے سوگواروں میں والدہ ‘بیوہ ‘بیٹا ‘3بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ مرحوم کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آبائی گائوں آلو مہار شریف میں ان کے والد پیرسید فیض الحسن شاہ کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن