کشمیریوں سے یکجہتی: ڈاک ٹکٹ جاری، کشمیر ہائی وے کا نام سرینگر ہائی وے پر رکھ دیا گیا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت ) بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر قبضے، کریک ڈاؤن، قتل عام اور محاصرے کو ایک برس مکمل ہونے کے حوالے سے پاکستان نے یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔ وزیر اطلاعات شبلی فراز اور وزیر مواصلات مراد سعید نے یادگاری ڈاک ٹکٹ کی رونمائی کی۔ شبلی فراز نے کہا کہ ڈاک ٹکٹ کے اجرا کا مقصد دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنا ہے۔ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں یادگاری ٹکٹ کی رونمائی کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں شبلی فراز نے کہا کہ کہ یادگاری ڈاک ٹکٹ دنیا بھر میں گھومے گا، اہم دفاتر، سفارت خانوں میں جائے گا اور کشمیر کے مظالم کی عکاسی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں 5 اگست کو یوم سیاہ ویوم استحصال کے طور پر منایا جائے گا۔ اس روز بھارتی مظالم کی خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کہ کہ اپنے گھروں پر قومی اور کشمیری پرچم بلند کریں تاکہ کشمیریوں کو احساس ہو کہ پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ کشمیر کاز کو اس کے انجام تک پہنچائے بغیر آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ ایمبیسیز لیڈر شپ سے سیکھتی ہیں، انسٹرکشن لیتی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کشمیرکاز پرکافی سیریس اور گرم جوش ہیں۔ پارلیمنٹ میں بھی کشمیرکاز کو ہائی لائٹ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پارلیمانی کشمیر کمیٹی نے فعال کردار ادا نہیں کیا۔ اب وزیراعظم خود اس مسئلے کو لیڈ کر رہے ہیں تو نتائج مثبت ہوں گے۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا گزشتہ سال5اگست کو مودی کی طرف سے غاصبانہ اقدام اٹھایا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مودی کی سوچ سے پوری دنیا کوآگاہی دی۔ وزیراعظم نے بتایا مودی صرف کشمیر نہیں بھارت کیلئے بھی خطرہ ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ بھارت کشمیر کو اندرونی مسئلہ سمجھتا تھا تو آج انٹرنیشنلائز ہوگیا ہے۔ مودی کی سوچ ہندوتوا کا فلسفہ بے نقاب ہوگیا ہے۔ کشمیرکاز رکنے والا نہیں، دنیا بھر میں پہنچائیں گے۔ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر زیر بحث آنا پاکستان کی کامیابی ہے ، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ دوسری جانب حکومت نے اسلام آباد میں کشمیر ہائی وے کا نام تبدیل کر کے سرینگر ہائی وے رکھ دیا۔ نئے نام سے ڈائریکشن بورڈز اور سائن بورڈ نصب کر دیئے گئے۔ سری نگر ہائی وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ مودی نئے دور کا ہٹلر ہے۔ مودی بھارت میں اقلیتوں پر ظلم کر رہا ہے۔ بھارتی فورسز نے کشمیریوں پر ظلم کئے۔ مودی نے 5اگست کو بھارت کی بربادی کے پروانے پر دستخط کئے۔