پاکستان اور انگلینڈ پہلے ٹیسٹ میچ میں کل مدمقابل ، قومی کرکٹرز کی بھرپور پریکٹس
لاہور(رپورٹ: چودھری اشرف) پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل بدھ سے مانچیسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے پیر کے روز ٹیم مینجمنٹ کی زیر نگرانی بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ پاکستان ٹیم مینجمنٹ میزبان ٹیم کے خلاف اچھی کارکردگی کے لیے پرامید ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اب تک 83 ٹیسٹ میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 25 ٹیسٹ میچ انگلش ٹیم نے جبکہ 21 ٹیسٹ میچز میں پاکستان ٹیم نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 37 ٹیسٹ میچز بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوئے ہیں۔ 84 ویں ٹیسٹ میچ میں انگلش ٹیم کی جانب سے جوئے روٹ قیادت کے فرائض انجام دینگے۔ 29 سالہ جوئے روٹ نے انگلینڈ کی جانب سے 94 ٹیسٹ میچ کھیل کر 17 سنچریوں اور 49 نصف سنچریوں کی مدد سے 7 ہزار 729 رنز بنا رکھے ہیں۔ ان کا ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین سکور 254 رنز ہے جو انہوں نے 2016ئ میں کھیلی جانے والی سیریز میں اسی میدان میں بنائے تھے۔ دوسری جانب پاکستان ٹیم کے 35 سالہ کپتان اظہر علی کی بات کی جائے تو 78 ٹیسٹ میچوں میں 16 سنچریوں اور 31 نصف سنچریوں کی مدد سے 5 ہزار 919 رنز بنا رکھے ہیں۔ اظہر علی نے دسمبر 2019ء میں کراچی میں سری لنکا کے خلاف کھیلی جانے والی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں 118 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ مانچیسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ گراونڈ کی بات کی جائے تو اس میدان میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان 6 ٹیسٹ میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے دو میں میزبان انگلش ٹیم نے جبکہ ایک ٹیسٹ پاکستان ٹیم نے جیت رکھا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اس میدان میں تین ٹیسٹ میچ ہار جیت کے نتیجہ کے بغیر ختم ہوئے ہیں۔ پاکستان ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل کو اولڈ ٹریفورڈ کے میدان میں پاکستان کی طرف سے انگلینڈ کے خلاف ڈبل سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے جو انہوں نے جولائی 1992ء میں بنائی تھی۔ ان کے علاوہ سابق کپتان انضمام الحق کو بھی اس میدان میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ انضمام الحق نے مئی 2001ء میں 114 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ اسی سیریز میں انہیں 84 رنز کی اننگز بھی اسی میدان میں کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔ باؤلنگ کے شعبہ کی بات کی جائے تو اس میدان میں پاکستان کے وسیم اکرم نے تین ٹیسٹ میچوں میں 12 کھلاڑیوں کو آوٹ کر رکھا ہے جبکہ عبدالرزاق، ثقلین مشتاق اور وقار یونس کو اس مانچیسٹر کے اس میدان میں چھ چھ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔