سندھ سے 200سکھ یاتریوں کا عید کے روز کرتار پور کا دورہ ‘ مذہبی رسومات ادا کیں
نارووال (نامہ نگار) کرتارپور باباگرونانک گوردوارہ میں عید کے روز 200 کے قریب سکھ یاتریوں کی سنگت پہنچی۔ سکھ یاتریوں نے کرونا ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا۔ کرتار پور کوریڈور دوبارہ سے کھولنے پر آرمی چیف اور وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق عید کے روز سندھ سے تقریبا دو سو کے قریب سکھ یاتریوں کی سنگت نے دربار صاحب کرتار پور کا دورہ کیا۔ سکھ یاتریوں نے بابا گورونانک کی سمادی سمیت دیگر مقامات پر حاضری دی۔ کرتارپور میںسکھ یاتریوں نے کرونا ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھا گیا۔ سکھ یاتریوں نے باباگورونانک کے گوردوارہ میں اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔ سکھ یاتریوں نے پاکستان کی حفاظت اور کرونا وائرس سے نجات کی خصوصی دعائیں کیں۔ ان کا کہنا تھا سکھ قوم کی طرف سے مسلمان بہن بھائیوں کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں۔ مہاگرو جی سے دعا ہے کہ دنیا بھر میں پھیلے کرونا وائرس سے نجات ملے۔ سکھ یاتری سنگتوں کو بابا گورو نانک گوردوارہ کا لنگر بھی دیا گیا۔