عیدالاضحی پر اجتماعی قربانی کے رجحان میں اضافہ
اسلام آباد (اے پی پی) عیدالاضحی پر بکروں کی قیمتوں میں اضافہ اور کورونا وباء کے ایس او پیز پر عملدرآمد کے تناظر میں اجتماعی قربانی کے رجحان میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ وفاقی دارالحکومت میں گذشتہ برسوں کی نسبت بکروں کی قیمتیں زیادہ تھیں جس کی وجہ سے سرکاری ملازمین اور لوئر مڈل کلاس کی اکثریت والے شہر میں اجتماعی قربانی کا رجحان زیادہ رہا۔ اس کے علاوہ شہریوں نے کورونا وباء کے پھیلائو کے خطرے کے پیش نظر انفرادی کی بجائے اجتماعی قربانی کو فوقیت دی۔ مختلف مساجد، مدارس اور مذہبی تنظیموں کے زیر انتظام اجتماعی قربانی کی گئی۔ گائے بیل کے ایک حصہ کا عام ہدیہ ساڑھے 10 سے20 ہزار روپے تک رہا۔