کرونا اور مہنگائی: قربانی کا تناسب 2019ء کی نسبت 25.9 فیصد کم رہا
لاہور (کامرس رپورٹر ) کرونا وائرس کی وبائ، مہنگائی کے باعث رواں سال ملک میں قربانی کا تناسب گزشتہ سال کے مقابلے میں 25.9فیصد کم رہا ہے۔ پاکستان ٹینریز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین آغا سیدین کے مطابق رواں سال ملک میں عیدالاضحی کے موقع پر 60لاکھ جانوروں کی قربانی دی گئی جوگزشتہ سال عید الاضحی کے موقع پر 81لاکھ جانور قربان کئے جانے کے مقابلے میں 21لاکھ جانورکم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال قربانی کے جانوروں کی مالیت 242ارب روپے تھی جبکہ امسال عید کے لئے خریدے جانے والے جانوروں کی مالیت 174ارب روپے ہے۔ گزشتہ سال کھالوں کی مالیت 5.25ارب روپے تھی جو کہ امسال 1.75ارب روپے رہ گئی۔ انہوںنے کہا کہ گزشتہ سال 30لاکھ گائے،40لاکھ بکرے،10لاکھ بھیڑیں اور ایک لاکھ اونٹ کی قربانی دی گئی جبکہ امسال 20لاکھ گائے،31لاکھ 40ہزار بکرے،8لاکھ بھیڑیں اور60ہزار اونٹوں کی قربانی دی گئی۔ گزشتہ سال گائے کی کھال کی قیمت1400روپے رہی جبکہ امسال یہ قیمت 600سے700لگ بھگ رہی۔ گزشتہ سال بکرے کی کھال کی قیمت275روپے سے300روپے تھی جبکہ امسال اوسط قیمت 150روپے جبکہ بھیڑ کی کھال کی قیمت50روپے تک رہی۔ عالمی منڈی میں بھی کھالوں کی لیدر کی ڈیمانڈ نہیں۔ ٹینرز اور شو میکرکمپنیوں نے بھی امسال بھی دلچسپی کا اظہار نہیں کیا اور صرف گلوز بنانے والوں نے دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ لیدرگارمنٹس والوں نے بھی ابھی تک خاص دلچسپی کا اظہارنہیں کیا جس کی بنیادی وجہ سرمائے کی قلت ہے۔