• news

سنجرانی‘ ترک سپیکر میں ٹیلی فونک رابطہ‘ علاقائی ترقی‘ خوشحالی کیلئے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)چیئر مین سینٹ محمد صادق سنجرانی اور ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر مصطفی سینتوپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور اہم نوعیت کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئر مین سینٹ نے آیا صوفیہ کو میوزیم سے مسجد میں تبدیل کرنے پر ترک حکومت اور قیادت کو مبارکباد پیش کی۔ اہم امور، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد بھی دی۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو بین الپارلیمانی اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن، ترقی اور اقتصادی خوشحالی ہمارا مشترکہ ایجنڈا ہے اور پاکستان خطے اور علاقائی سطح پر امن کا خواہاں ہے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں ترقی اور خوشحالی کے لئے کوشاں ہیں اور تنازعات کا ڈائیلاگ اور پرامن حل ترقی کے عمل کو آگے لے جانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پارلیمانوں پر بھاری ذمہ داری آگئی ہے اور کرونا وائرس کے باعث عالمی سطح پر رابطہ کاری اور معاونت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر مثالی تعاون ایک دوسرے پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی نے ہمیشہ پاکستان کے نقطہ نظر کو سراہا ہے اور ساتھ دیا ہے۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے علاقائی ترقی و خوشحالی کے لئے کوششیں مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

ای پیپر-دی نیشن