عید پر دریا، نہروں میں نہاتے 17 افراد جاں بحق
سیالکوٹ/ سمبڑیال/ شیخوپورہ/ بدوملہی/ نارنگ منڈی (نامہ نگاران‘ نمائندہ خصوصی) عید پر دریا اور نہر میں نہاتے ہوئے 17 افراد جاں بحق ہو گئے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق دریائے چناب میں نہاتے ہوئے دو لڑکے ڈوب گئے۔ آزاد کشمیر کے گاؤں برنالا سے تعلق رکھنے والے دو لڑکے 19سالہ سفیان اور 18سالہ شہزاد سیر کیلئے ہیڈ مرالہ آئے اور دریائے چناب میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122کے غوطہ خوروں نے تین گھنٹے کی جد وجہد کے بعد دونوں کی نعشیں تلاش کر کے ورثاء کے حوالے کر دیں۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ٹک ٹاک کے جنون نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی‘ واپڈا ٹائون گوجرانوالہ کارہائشی کلیم بٹ اوجلہ کلاں اپنی پھوپھی کے گھر گیا جہاں پھوپھی زاد بھائیوں کے ہمراہ وہ اوجلہ نہر پر نہانے چلا گیا۔ نہانے کے دوران کلیم بٹ پانی میں کھڑا اپنی ویڈیو بنا رہا تھا کہ اچانک گہرے پانی میں پھسل کر ڈوب گیا۔ ریسکیو نے نعش کی تلاش کیلئے آپریشن شروع کردیا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ نہر میں پانی زیادہ ہونے کی وجہ سے ریسیکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ نہر اوجلہ کو بمبانوالہ ہیڈ سے بند کروا کر پانی کم کیا جائے گا اور نعش کی تلاش کی جائیگی۔ بدوملہی سے نامہ نگار کے مطابق گنج حسین آباد نارووال کا رہائشی نوجوان نصیر احمد نہر ایم آر لنک کی ملک پور جھال سے نکلنے والی لنک نہر سے نہا رہا تھا کہ پانی کی تیز رفتار لہروں کی نذر ہو گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے نعش کی تلاش شروع کر دی۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی شہر کا بیس سالہ نوجوان عبدالرحمان شعیب ایم آر لنک نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا۔ نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ حاصل پور میں دریائے ستلج ہیڈ اسلام پر تین دوست عید کے تیسرے روز پکنگ منانے آئے جو کہ نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ 18 سالہ محمد آصف اور 18 سال عمر حیات لڈن جبکہ 18 سالہ تنزیل چشتیاں کا رہائشی تھا۔ سمبڑیال کے موضع بھکڑے والی کے رہائشی طارق کا 14سالہ بیٹا جبار طارق دریائے چناب شہباز پور پل پر نہانے کے دوران گہرے پانی میں ڈوب گیا۔ ریسکیو1122 ٹیم نے امداد ی کارروائی کرتے ہوئے طالب علم کی نعش کو برآمد کر کے ورثاء کے حوالے کردیا۔ ڈیرہ اسماعیل خانپنیالہ کے گاؤں کٹہ خیل میں عید سے ایک روز قبل گاؤں کٹہ خیل کے رہائشی تین کمسن بچے 7 سالہ حیدر علی، 8 سالہ دانیال اور 9 سالہ امبرینہ جوہڑ میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے۔ اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کی نعشیں جوہڑ سے نکالیں۔ کمسن بہن بھائی اور کزن کے جنازے اٹھنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اٹک میں چار افراد دریائے سندھ میں نہاتے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ دریائے سندھ پر تفریح کیلئے آنے والے ماں بیٹا بھی ڈوب گئے۔