• news

سوشل میڈیا ٹرینڈ بناکر سری نگر نہیں پہنچا جا سکتا‘ حکومت عملی اقدامات کرے: احسن اقبال

نارروال (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ سری نگر سوشل میڈیا ٹرینڈ بناکر نہیں پہنچا جا سکتا۔ حکومت عملی اقدامات کرے۔ حکومت فوری طور پر اسلامی سربراہی کانفرنس کا اجلاس بلائے۔ جبکہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں دوبارہ اٹھایا جائے۔ نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کو ایک سال ہو چکا ہے۔ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ کشمیریوں کے بنیادی حقوق بحال کئے جائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی حکومت نے سلامتی کونسل میں بھارت کو بلامقابلہ ممبر بننے میں مدد کی۔ احسن اقبال چوہدری عید کے روز چند ماہ قبل وزیر ستان میں شہید ہونے والے سپاہی توصیف کے گھر گئے اور اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید کی خوشیوں میں ہمیں اپنے ان جوانوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت کا رتبہ حاصل کرتے ہیں۔ ہم اپنے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کریں۔ ہمیں تمام شہیدوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کونسل میں کشمیر کے مسئلے کو اٹھایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن