• news

کنٹرول لائن : بھارتی فوج کی گولہ باری، 7خواتین سمیت 10زخمی، پاک فوج کی بھرپور جوابی کاروائی

تتہ پانی (نامہ نگار) بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول تتہ پانی، درہ شیرخان سہڑہ سیکٹرز میں اچانک بلااشتعال شدید فائرنگ وگولہ باری سے سات خواتین سمیت 10افراد زخمی، بیسیوں رہائشی مکانات تباہ جبکہ درجنوں مویشی ہلاک وزخمی ہوئے، عوام گھروں میں محصور ہوکررہ گئے، تتہ پانی بٹل مدارپور اور تتہ پانی ہجیرہ روڈز پر ٹریفک گھنٹوں معطل رہی، شدیدزخمیوں کو تتہ پانی میں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈی ایچ کیوہسپتال کوٹلی ریفر کردیا گیا، ایمولینسوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے زخمیوں کو ہسپتالوں میںپہنچانے کے سلسلہ میں شدید مشکلات کا سامنا رہا، جبکہ سیر و تفریح کیلئے آنے والے سیاح بھی پھنسے رہے، پاک فوج کی جانب سے داندان شکن جواب نے دشمن کی گنوں کو خاموش کرا دیا، سیاسی وسماجی رہنمائوں کا بھارتی فوج کی جارحیت کی پر زور مذمت کی ہے، تفصیلات کے مطابق منگل کے روز صبح سویرے بھارتی فوج نے سویلین آبادی کے علاقوں درہ شیرخان ، سہڑہ، تاہی ، نمب، شمالی گرھڈ جنجوڑہ وغیرہ کو نشانہ بنایا، سہڑہ کے مقام پر چوہدری فضل کریم مرحوم کے رہائشی مکان پر گولہ گرنے سے اُنکی اہلیہ شہناز بیگم ، بیٹا محمد نعیم ، دوبیٹیاں انیلہ اختر، سائرہ اختراور دو گھر مہمان آئی رشتے دارلڑکیاں عدیقہ دختر محمد شبیر چوہدری، ثناء دختر محمد شاہپال چوہدری ساکنہ دھناء تتہ پانی زخمی ہوئیں، جبکہ سہڑہ سے نسرین بیگم زوجہ راجہ معروف، روبینہ زوجہ طارق محمود بٹ ، التمش ولد راجہ ذوالقرنین اور ذوالفقار احمد عرف کالا ولد محمد شریف مغل ساکن تاہی مواڑہ بھی زخمی ہوئے، زخمیوں کو فوری تتہ پانی ہسپتال لایا گیا، ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کوڈی ایچ کیو ہسپتال کوٹلی ریفر کردیا گیا ہے ، گولہ باری سے سردار حکمداد خان ساکن درہ شیرخان، راجہ منظر خان آف سہڑہ سمیت دیگر درجنوں افراد کے رہائشی مکانات تباہ ومتاثرہ ہوئے، ممبر اسمبلی وسابق سنیئر وزیر ملک محمد نوازخان، سابق وزیر حکومت سردار عبدالقیوم خان نیازی نے اقوام متحدہ اور عالمی برداری سے پرزور مطالبہ کیا وہ بھارتی فوج کی جارحیت کا فوری نوٹس لے اور سویلین آبادی پر بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری کاسلسلہ بند کروائے۔

ای پیپر-دی نیشن