ایٹمی حملے کی برسی، 70 فیصد امریکی نوجوانوں نے جوہری ہتھیاروں کی مخالفت کر دی
نیویارک (اے پی پی) امریکہ میں تقریباً 70 فیصد نوجوان شہری جوہری ہتھیاروں کو غیر ضروری سمجھتے ہیں۔ جاپانی نشریاتی ادارے نے ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بمباری کو 75 سال مکمل ہونے سے قبل 18 سے 34 سال تک کی عمر کے افراد کے 3 گروپوں سے یہ آن لائن جائزہ لیا۔ پہلا گروپ ہیروشیما پریفیکچر کے باسیوں کا، دوسرا اس کے علاوہ جاپان کے دیگر علاقوں کے شہریوں کا، اور تیسرا گروپ امریکہ میں رہائش پذیر افراد کا تھا۔ ہر گروپ سے تقریباً ایک ہزار افراد نے سوالوں کے جواب دیے۔اِس سوال پر کہ آیا جوہری ہتھیار ضروری ہیں یا نہیں، جاپان کے تقریباً 85 فیصد افراد نے کہا کہ اِن کی ضرورت نہیں ہے۔ امریکی گروپ کے تقریباً 70 فیصد افراد نے یہی جواب دیا۔زیادہ تر لوگوں نے جس وجہ کا انتخاب کیا کہ وہ یہ تھی کہ ایسے ہتھیار بڑی تعداد میں لوگوں کو ہلاک و زخمی کرتے ہیں۔ دیگر جواب دہندگان نے جوہری ہتھیاروں کی حد سے زیادہ تباہ کْن طاقت کو اس کی وجہ قرار دیا اور بین الاقوامی تنازعات کے حل کے مختلف طریقوں کی نشاندہی کی۔