• news

حجرہ ‘ بصیر پور‘ پھلروان میں بجلی کی طویل بندش‘ عوام کو مشکلات

حجرہ شاہ مقیم‘ بصیر پور‘ پھلروان‘ خانقاہ ڈوگراں(نامہ نگاران) حجرہ شاہ مقیم‘ بصیر پور اور پھلروان میں بجلی کی طویل بندش پر عوام کو مشکلات ‘ خانقاہ ڈوگراں میں گرمی کے ستائے عوام نے جی ٹی روڈ بلاک کر دی‘ لیسکو کیخلاف نعرے بازی‘ دفتر کے گھیرائو کی دھمکی دیدی۔ حجرہ شاہ مقیم سے نامہ نگار کے مطابق حجرہ شاہ مقیم اور گردو نواح میں شدید گرمی کے دوران بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ عید کے تینوں روز بجلی بار بار بند کی جاتی رہی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔بصیرپور سے نامہ نگار کے مطابق بصیرپورمیںعیدالاضحی کی تعطیلات ختم ہوتے ہی طویل دورانیہ کیلئے بجلی کی غیراعلانیہ بند ش کا سلسلہ شروع کر دیاگیا،فراہمی کے اوقات میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہتی ہے جبکہ اسکے علاوہ وولٹیج اس قدرکم ہوتے ہیں کہ واٹرپمپ سمیت الیکٹرانکس اشیاء کام نہیں کرتیں جس سے گھریلووکمرشل صارفین شدیدمسائل کا شکار ہوگئے ہیں۔ بالخصوص چھوٹے کاروباری افراداورہنر مندوںکے کام کاج ٹھپ ہوکررہ گئے ہیں۔ پھلروان سے نامہ نگار کے مطابق پھلروان میں عید کے دنوں میں بھی بغیر شیڈول بار بار بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا قربانی کے موقع پر پانی بجلی کی عدم دستیابی پر مشکلات پیش آئیں۔خانقاہ ڈوگراں سے نامہ نگا ر کے مطابق خانقاہ ڈوگراں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں کا پارہ ہائی ہو گیا۔ گرمی کے ستائے ہوئے لوگوں نے مین جی ٹی روڈ بلاک کر کے واپڈا کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ماہرین کا کہنا تھا کہ اگر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہ کیا گیا تو وہ واپڈا دفتر کا گھراو کریں گے۔خانقاہ ڈوگراں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کادورانیہ 16 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔ عید کے تینوں دنوں میں بھی لیسکو بجلی کی آنکھ مچولی سے باز نہیں آیا۔لاہور سرگودھا مین جی ٹی روڈ بلاک کر کے لیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

ای پیپر-دی نیشن