اوکاڑہ: رقم کے تنازعہ پر بیوی کو قتل کر کے خودکشی کر لی
اوکاڑہ (نامہ نگار) اوکاڑ ہ میں رقم کے جھگڑے پر خاوند نے تیز دھار چھری کے وارکر کے بیوی کوقتل سالی کوشدید زخمی کرنے کے بعد خود گلے میں پھندہ ڈال کر خودکشی کر لی، تفصیلات کے مطابق حاجی چوک صدر گوگیرہ کے رہائشی اللہ دتہ کا اپنی بیوی امیراں بی بی سے رقم کے لین دین کاجھگڑا ہوگیا۔ رشتہ داروں نے معاملہ رفع دفع کرادیا، اللہ دتہ کی سالی منیر اں بی بی بھی ان کے گھر آئی ہوئی تھی گذشتہ روز جب گھر والے سوگئے تو ملز م اللہ دتہ نے ایک تیز دھار چھری سے سوئی ہوئی بیوی کا گلہ کاٹ ڈالا۔ جس کی بہن اسے چھڑانے آگے بڑھی توملزم نے چھری کے وار کر کے اسے بھی شدید زخمی کردیا، بعدازاں ملزم نے رہائشی کمرے میں گلے میں پھندہ ڈال کر خودکشی کر لی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ گوگیرہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد جاں بحق ہونے والے میاں بیوی اور زخمی منیراں بی بی کوہسپتال منتقل کر دیا، پولیس تھانہ صدر گوگیرہ نے مقتولین کے بیٹے اسامہ کی درخواست پر قتل اقدام قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش شروع کردی ہے۔