• news

کنٹرول لائن: دوسرے روز بھی بھارتی گولہ باری، 5زخمی: پاک فوج نے دشمن کی گنیں خاموش کرادیں 

 تتہ پانی (نامہ نگار) لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی درہ شیرخان سہڑہ سیکٹرز میں بھارتی فوج کی دوسرے روز بھی بلااشتعال شدید گولہ باری، تین موٹرسائیکل سوار نوجوانوں، ایک خاتون سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ کوٹلی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ گولہ باری سے متعدد رہائشی مکانات متاثر اور مویشی ہلاک وزخمی ہوئے۔ بجلی کے تار کٹ جانے اور ٹرانسفارمر کے تباہ ہونے سے بجلی کی ترسیل معطل، تتہ پانی ہجیرہ، تتہ پانی بٹل مدارپور روڈز پر گھنٹوں ٹریفک بند رہی۔ عوام گھروں میں محصور رہے۔ پاک فوج نے موثر جوابی کارروائی کر کے دشمن کی گنوں کو خاموش کرادیا۔ تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی درہ شیرخان سہڑہ سیکٹرز میں بھارتی فوج نے بدھ کی شام اچانک دوبارہ شدید گولہ باری شروع کردی اور شب تک وقفے وقفے سے گولہ باری جاری رہی۔ کئی گولے ریسٹ ہائوس تتہ پانی کے قریب گرے۔ بوکڑہ  کا رہائشی ایک نوجوان محمد غفور ولد مکھن خان، تاہی کے مقام پر تین موٹر سائیکل سوار نوجوان محمد اشتیاق‘ محمد سہیل‘ محمد عمران  زخمی ہوئے۔ جبکہ ایک خاتون مسز آفتاب معمولی زخمی ہوئیں۔ گولہ باری سے درہ شیرخان میں سردار اختر ولد بلور خان، تاہی تتہ پانی میں قاضی ارشد ندیم سمیت متعدد دیگر افراد کے رہائشی مکانات متاثر ہوئے۔ محمد ریاض، محمد مقصود سمیت دیگر کئی افراد کے مویشی ہلاک وزخمی ہوئے۔ ادھر تتہ پانی درہ شیرخان سہڑہ سیکٹرز میں گزشتہ روز بھارتی فوج کی بلااشتعال گولہ باری کے نتیجہ میںشہید 16سالہ لڑکی انیلہ کی نعش آبائی گائوں لائی گئی جہاں اسے سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں آہوں وسکیوں میں سپردخاک کردیا گیا۔ نمازجنازہ علامہ ارشد القادری نے پڑھائی جس میں سابق وزیرحکومت سردار عبدالقیوم خان نیازی، سابق صدارتی مشیر سردار عبدالمنان گوہر ایڈووکیٹ، سیاسی سماجی شخصیات، مختلف مکاتب فکر کے افراد اور عوام نے بھرپور شرکت کی۔ اس دوران علاقہ شرکاء جنازہ کے آزادی، پاک فوج کے حق میں اور بھارت مخالف فلک شگاف نعروں سے گونجتا رہا۔ بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر ہجیرہ یاسر ریاض ہمراہ تحصلیدار ہجیرہ محمد علی ملک، نائب تحصیلدار ذوالفقار ملک کے شہید لڑکی کے گھر پہنچے اور ورثاء سے اظہار افسوس کیا اور شہید لڑکی کی والدہ کو حکومت آزادکشمیر کی جانب سے دس لاکھ روپے کا امدادی چیک بھی دیا۔ انہوں نے متاثرین کو ہرممکن ریلیف دینے کی یقین دہانی کرائی۔ یاد رہے کہ شہید ہونیوالی لڑکی کی والدہ، بھائی اور ایک دوسری بہن بھی زخمی ہوئے تھے، جوہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ دریں اثناء سجادہ نشین دربار عالیہ بنڈہور شریف صاحبزادہ پیر سید اکرام حسین شاہ بخاری نے لڑکی کی شہادت پر گہرے دکھ وافسوس کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن