رمضان شوگر ملز کیس، شہباز ، حمزہ پر فرد جرم عائد، ملزموں کا انکار
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کر دی ہے تاہم دونوں ملزموں نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ عدالت نے مزید سماعت 27اگست تک ملتوی کرتے ہوئے وکلاء سے دلائل طلب کر لیے۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی۔ نیب پراسکیوٹر نے کہا شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد ہونی چاہیے، قانون کے مطابق ملزموں کے وکلاء کے پاس کوئی جواز موجود نہیں۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر حکم دیا تھا کہ اگلی سماعت پر فرد جرم عائد ہونی ہے۔ سماعت کے دوران گواہوں کو عدالت میں پیش کریں گے۔ حمزہ شہباز کے وکیل نے کہا ایک موقع دے دیں آج فرد جرم عائد نہ کریں، جس پر جج احتساب عدالت نے کہا یہ کیس بڑی دیر بعد فرد جرم کے لیے فکس ہوا ہے، اگر آپ 10 گھنٹے بھی بحث کریں گے میں سننے کے لیے تیار ہوں، آپ آج ہی دلائل مکمل کریں۔ فرد جرم سے متعلق فیصلہ آج ہی کرتے ہیں۔ شہبازشریف نے کہا کہ جج صاحب یہ جھوٹا کیس ہے، پنجاب کے عوام کی دس سال خدمت کی ہے، میں نے دل سے پنجاب کے عوام کی خدمت کی، احسان والی بات نہیں کر رہا، میں عوامی نمائندہ تھا، میرا حق بنتا تھا، میں لوگوں کی خدمت کروں۔ 12 سال تنخواہ لی نہ پٹرول کے پیسے، اربوں روپے کی سرمایہ کاری پاکستان لے کر آیا، مجھے اس کیس میں پھنسایا گیا ہے۔ قانون پر عملدرآمد کا آپ سے بہتر کون جان سکتا ہے۔ ایک جانب کھربوں روپے کے منصوبوں میں اربوں روپے بچائے۔ دوسری جانب میں ایک گندے نالے کے کیس میں جھک ماروں گا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فرد جرم عائد کر دی۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی و صوبائی رہنما، اراکین اسمبلی اور کارکنان کی بڑی تعداد اپنی قیادت سے اظہار یکجہتی کے لئے احتساب عدالت پہنچے لیکن انہیں آگے جانے سے روکدیا گیا۔ پولیس کی جانب سے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کی مناسبت سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ عدالت کا حکم ماننے کو تیار ہوں۔
لاہور (نیوز رپورٹر) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت ایک سال کے دوران عالمی پلیٹ فارم پر کشمیریوں کی نمائندگی کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی، مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کی صحیح نمائندگی کرسکتا ہے،نئے پاکستان والوں کا جلد یوم حساب آنے والا ہے۔ حکومت سے آٹا، چینی اور پٹرول کے بارے پوچھیں تو کہتے ہیں انکوائری ہو گی، نیک و کاروں نے آٹا چینی میں ملوث لوگوں کو راتوں رات ملک سے باہر بجھوا دیا۔ دو سالوں میں ملک کا بیڑہ غرق کر دیا گیا۔ معیشت تباہ ہوکر رہ گئی ہے۔ آوئے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے، پاکستان اناڑیوں اور کنفیوزڈ حکمرانوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے جس کی سزا عوام کاٹ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب پیشی کے موقع پر گفتگو میں کیا۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ حکومت کھوکھلی ہوچکی ہے کشمیر کا مقدمہ کیا لڑے گی۔ بھارتی فوج کے ذریعے کشمیری عوام پر ظلم کیا جا رہا ہے جس کا حساب بھارت کو دینا ہو گا۔ کشمیریوں پر ظلم و بربریت سے دل دکھتا ہے۔ دعا گو ہیں اللہ تعالی کشمیری عوام کو اس عذاب سے جلد نجات دے۔ اپنے مقدمے یا نیب کی گرفتاری کی وجہ سے فکرمند نہیں بلکہ مجھے عام ریڑھی والے کی فکر ہے جس کی بچی بھوک سے تڑپ رہی ہے، مجھے غریب آدمی کی بے بسی پر رونا آتا ہے۔