• news

ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن ‘پی سی بی کا بیان حقائق کے منافی ہے : طارق سرور

لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) تحریک بحالی کرکٹ اور کرکٹ ایسوسی ایشنز نے کرکٹ بورڈ کے بیان کو مسترد کر دیا۔ترجمان ایم آر سی اے طارق سرور کا کہنا ہے کہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے رجسٹریشن کے معاملے میں کرکٹ بورڈ کا بیان حقائق کے منافی اور گمراہ کن ہے۔ سوسائٹیز ایکٹ 1860 کے تحت ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔کرکٹ بورڈ کا بیان کھلم کھلا جھوٹ اور قوانین کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے۔کرکٹ بورڈ کا بیان اس غیر قانونی، غیر آئینی عمل، فاش غلطی چھپانے کیلئے ایک اور دھوکہ دینے کی کوشش ہے۔ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن اور عارضی طور پر انتظامی امور کو چلانے کیلئے اختیار کیے گئے طریقہ کار کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ کرکٹ بورڈ نے رجسٹریشن کے لیے غیر قانونی طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے اپنے چیف ایگزیکٹیو، سی او او، ڈائریکٹرز اور جنرل منیجرز کو عہدے دیئے ہیں۔کرکٹ بورڈ کی طرف سے عارضی انتظامی امور کا بہانہ غیر آئینی اقدام کو تسلیم کرناہے۔جو کام بلا واسطہ نہیں کیا جا سکتا وہ بلواسطہ بھی نہیں کیا جا سکتا، پی سی بی حکام کسی بھی صورت ایسوسی ایشن کے عہدیداران نہیں بن سکتے۔کرکٹ بورڈ حکام  غیر قانونی اقدامات کو چھپانے کیلئے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن میں پی سی بی آفیشلز کی موجودگی  بورڈ کے کوڈ آف ایتھکس کی  خلاف ورزی ہے۔ بورڈ کے اقدامات شفافیت، میرٹ، پیشہ وارانہ امور کا قتل عام ہو رہا ہے۔  ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کی بندش، گراؤنڈ سٹاف کی برطرفی، کھیل کے مواقع کم ہونے سے کرکٹرز، کوچز اور کھیل سے منسلک اہم افراد کو بیروزگاری کا بھی سامنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن