بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی ‘بلاسود قرضہ سکیم کو حتمی شکل دیدی گئی
لاہور (کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت گزشتہ روز پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس ہوا، جس میں اینٹوں کے بھٹوں کوزگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لئے بلاسود قرضوں کی فراہمی کی سکیم کو حتمی شکل دی گئی۔سکیم کے تحت جدید ٹیکنالوجی پر منتقلی کیلئے فی بھٹہ 20 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرضہ دیا جائے گا۔قرض پر صرف 2فی صد آپریشنل چارج وصول کیا جائے گا جبکہ بھٹے کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کا عمل 3ماہ میں مکمل کرنا ہوگا۔قرضے کی واپسی 2سال میں ہوگی، قرضے کی فراہمی کے لئے ضلع کی سطح پر کمیٹیاں بنیں گی۔جو بھٹے جدید ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے، انہیں بھی بلاسود قرضے کی سہولت ملے گی۔اسلم اقبال نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 11 اضلاع لاہور، راولپنڈی گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، ملتان، شیخوپورہ، اوکاڑہ، جہلم، ساہیوال اور قصورکے بھٹوں کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا۔