کرونا کیسز پنجاب میں ایک فیصد سے بھی نیچے آگئے: فیاض چوہان
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان پاکستان کو حقیقی معنوں میں بدلنے اور ترقی کے سفر پر لے جانے کا عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عشروں سے نظر انداز ملکی سیاسی و انتظامی ڈھانچے کی بہتری پی ٹی آئی حکومت کا اولین مقصد ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی کرونا کے خلاف جنگ میں موثر اور بروقت حکمت عملی کا نتیجہ 90 فیصد مریضوں کی صحتیابی اور اموات کی شرح میں نمایان کمی کی صورت میں نکلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کیسز میں واضح کمی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومت ملک میں معاشی سرگرمیاں بتدریج تیز کرنے پر غور کر رہی ہے۔ جلد سارے ملک بالخصوص کے پی کے میں سیاحتی مقامات سیاحوں کیلئے کھولنے کے لیے ایس او پیز تیار کر لیے گئے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ پنجاب میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی بدولت نئے کرونا کیسز ایک فیصد سے بھی کم سطح پر آ گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نچلے طبقے کی مشکلات کا ادراک رکھتے ہیں۔ لاہور میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت تنخواہ دار طبقے کے لیے اپارٹمنٹس کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی۔ ایک ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری سے 35 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کرپشن، لوٹ مار، اقربا پروری کے ذریعے ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے والے آج احتساب کے شکنجے میں ہیں۔ علاوہ ازیں اے پی پی کے مطابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان سے چیئرمین زکوہ عشر ڈسٹرکٹ لاہور شبیر سیال نے ملاقات کی، ملاقات میں لاہور میں مساوی زکوۃ کی تقسیم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔