طلباء و اساتذہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگرکر سکتے ہیں: مشعال ملک
بہاولپور(بیورو رپورٹ) یوم استحصال کشمیر کے موقع پر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی زیر صدارت منعقد ہونے والے قومی ویبینار میں معروف کشمیری رہنما مشعال حسین ملک اور نامور دانشوروں نے شرکت کی۔ ویبینار کے مہمان خصوصی مشعال حسین ملک چیئر پرسن پیس اینڈ کلچرل آرگنائزیشن نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیمی اِدارے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ جامعات میں موجود سماجیات، سیاسیات، بین الاقوامی تعلقات اور قانون کے اساتذہ اور محققین مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوئوں کا دانشورانہ اور علمی انداز سے عالمی فورمز پر احاطہ کر سکتے ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی جانب سے مسئلہ کشمیر سے متعلق سیمینارز، کانفرنسز اور تحقیقی کام کا اہتمام انتہائی خوش آئند قدم ہے۔ وائس چانسلر کی جانب سے کشمیر سے متعلقہ سماجی، معاشی، سیاسی امور پر تھنک ٹینکس قائم کرنے کی تجویز انتہائی خوش آئند اورقابلِ عمل ہے۔ انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر نے کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور عالمی امن کے لیے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی سینڈیکیٹ ممبر نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کے تاریخی اور سیاسی پسِ منظر کو اُجا گر کیا۔ سید تابش الوری نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے قومی یکجہتی پر زور دیا۔ پروفیسر ڈاکٹر آفتاب حسین گیلانی نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر اور اُس کے حوالے سے تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ پیش کیا۔ پروفیسر ظفراقبال سندھو نے مسئلہ کشمیر کے قانونی پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر ڈاکٹر یاسمین روفی نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا ذکر کیا۔ صدر پریس کلب بہاول پور نصیر احمد ناصر نے کشمیر کے حوالے سے قومی اور عالمی میڈیا کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔