• news

افغان سفیر کی سراج الحق سے ملاقات‘ افغانستان اور کشمیر پر تبادلہ خیال 

لاہور/ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار/ وقائع نگار خصوصی) پاکستان میں افغانستان کے سفیر شکراللہ عاطف مشعل نے پارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی پاکستان  سراج الحق سے ملاقات کی جس میں افغانستان اور خطے کی موجودہ صورتحال خاص طور پر افغانستان اور کشمیر کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم ایک پرامن اور خوشحال افغانستان چاہتے ہیں اور بین الافغان مذاکرات کو سپورٹ کرتے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ افغانستان کی تمام جماعتیں اور قیادت ایک میز پر بیٹھ جائیں اور باہمی اختلافات کو بات چیت سے حل کریں۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھی پرامن افغانستان کی ضرورت ہے۔ کابل میں  بھارت کا سازشی کردار دونوں برادر اسلامی ممالک کے کیلئے نقصان دہ ہے۔ امریکہ کا افغانستان سے جانا طے ہوگیا ہے۔ یہ اس صدی کا بہت بڑا واقعہ ہوگا۔ خطے سے امریکی افواج کا انخلاء افغان عوام کی بہت بڑی فتح ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ افغانستان بھارت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ کرنے دے۔  پاکستانی عوام اور جماعت اسلامی نے ہمیشہ افغان عوام کے دکھ درد کو اپنا دکھ درد سمجھتے ہوئے اس میں شرکت کی ہے۔ پاکستانی قوم نے بھی افغان مہاجرین کو اپنے دلوں اور ملک میں جگہ دی اور ان کو عزت و احترام اور وقار کے ساتھ اپنے پاس ٹھہرایا۔ افغان سفیر شکراللہ عاطف مشعل نے کراچی میں جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید رفیق تنولی کیلئے بلندیٔ درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ اے پی پی کے مطابق سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر کیلئے لہو پیش کرنے کا سلسلہ پرانا ہے اس سے ہمارے  قدم ڈگمگائیں گے نہیں۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں یکجہتی کشمیر ریلی پر حملے میں زخمی ہونے والے رفیق تنولی اللہ کے حضور حاضر ہو گئے۔ اللہ تعالیٰ ان کی قربانی قبول فرمائے۔

ای پیپر-دی نیشن