شہباز شریف ‘ حمزہ پر کرپشن کے سنگین الزامات‘ تعویذ دھاگہ کرنا چاہئے: شیخ رشید
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کراچی تا پشاور مین لائن (ایم ایل) ون منصوبے پر اسی سال کام شروع ہو گا جس سے ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روز گار ملے گا۔ ایک بیان میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ایم ایل ون منصوبہ منظور ہونے پر کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ایل ایم ون منظور ہوا ہے، یہ منصوبہ 6 ارب 80 کروڑ ڈالر لاگت کا ہے۔ ایم ایل ون منصوبے کا کریڈٹ عمران خان کی حکومت کو جاتا ہے۔ ایم ایل ون منصوبے سے تمام ریلوے کراسنگ ختم ہوجائیں گے، منصوبے سے لاہور سے کراچی کا سفر 7 گھنٹے تک کا ہوگا جب کہ راولپنڈی سے لاہور کا سفر ڈھائی گھنٹے کا ہوگا اور ملتان سے لاہور کا سفر دو گھنٹے کا رہ جائے گا۔ ایم ایل ون منصوبے کی تکمیل میری زندگی کا مشن تھا، ایم ایل ون ٹریک سے سسٹم خودکار ہوجائے گا، ایکنک نے کراچی سے پشاور تک ڈبل ٹریک منظور کیا ہے، منصوبے میں 90 فیصد مزدور پاکستان سے ہی ہوں گے، ایم ایل ون ٹریک سے سفر کا دورانیہ کم ہوجائے گا، اس سے ٹرینوں کی تعداد 34 سے بڑھ کر 146 ہوسکیں گی۔ انشاء اللہ نیب آزادادارہ ہے کسی کو بھی طلب کرسکتا ہے، ہمارے لوگوں کو بھی طلب کیا جاسکتا ہے، اگلے 4 سے 5 ماہ بہت اہم ہیں، اپوزیشن کا جلد مطالبہ ہوگا کہ نیب ختم کرو لیکن ہم عمران خان کے ساتھ ہیں، شہبازشریف اور حمزہ شہباز پر سخت الزامات ہیں، انہیں تعویذ دھاگے کا کام کرنا چاہیے، آصف زرداری نے پریس کانفرنس کے لئے بیٹے کو رکھا ہوا ہے۔ شیخ رشید نے فرد جرم پر شہباز شریف کو تعویذ دھاگا کرنے کا مشورہ دے دیا۔ انہوں نے کہا آصف زرداری نے کرمنلر پروسیجر میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے، جلد اپوزیشن کا مطالبہ ہوگا نیب ختم کر دیں، عمران خان کے ساتھ ہیں، وہ پانچ سال پورا کرے گا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا شہباز شریف کا کیس سنجیدہ ہے، اے پی سی 15 اگست تک نہ ہوئی تو محرم شروع ہو جائے گا،14 وزارتیں اسی وجہ سے کرسکا کہ لوگوں کا اعتماد تھا، نالہ لئی کی وجہ سے گردونواح کے لوگ امیر ہونے جا رہے ہیں، تجاوزات کے ساتھ گزارہ کر رہے ہیں۔