قائمہ کمیٹی داخلہ کا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی بریفنگ پر عدم اطمینان کا اظہار
اسلام آباد(نوائے وقت نیوز)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں قائمہ کمیٹی نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کی بریفنگ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری وقف پراپرٹیز اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ٹرسٹ بل 2020کی منظوری آئندہ اجلاس تک موخر کردی ۔اجلاس میںسیکرٹری داخلہ کی عدم شرکت پر ارکان نے شدید ابرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وزیر داخلہ اجلاس میں نہیں آسکتے تو سیکرٹری داخلہ کو اجلاس میں اپنی حاضر ی یقینی بنانی چاہیے۔جمعہ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس راجہ خرم شہزاد نواز کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا ۔اجلاس میں سیکرٹری داخلہ کی غیر حاضری پر ارکان نے احتجاج کیا اور کہا کہ وزارت داخلہ کمیٹی کو اہمیت نہیں دیتی ، کمیٹی کے رکن سردار طالب نکئی نے کہا کہ اگر وزیرداخلہ اجلاس میں نہیں آتے تو کم ازکم سیکرٹری داخلہ ہی آجایا کریں کیونکہ جونیئر افسران کو کمیٹی میں بھیج کر ہماری بے توقیری کی جاتی ہے ۔اجلاس میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری وقف پراپرٹیز بل 2020زیر غورآیا۔بل سے متعلق ارکان کے سوالات کا جواب دینے کیلئے وزارت داخلہ کاکوئی سینئر افسر موجود نہیں تھا جبکہ وزارت قانون کا نمائندہ بھی کمیٹی اجلاس میں نہیں آیا ۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کمیٹی کو بل کی اہمیت سے متعلق آگاہ کیا جس پر ارکان نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ جب تک بل سے متعلق ہمیں بریفنگ نہیں ملے گی یا ہمارے سوالات کے جواب نہیں دیے جائیں گے اس وقت تک بل کو منظور نہیں کرسکتے ۔ کمیٹی اجلاس میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ٹرسٹ بل 2020زیر غور آنا تھا تاہم چیئرمین کمیٹی نے ارکان کی تجویز پر کمیٹی کا اجلاس آئندہ پیر تک ملتوی کردیا اور ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس وزارت داخلہ وزارت کے قانون کے سینئر افسران شریک ہوں تاکہ مذکورہ دونوں بل منظور کئے جا سکیں ۔