• news

لوڈ شیڈنگ: کمالیہ چناب نگر‘ پانی کی قلت‘ شور کوٹ میں احتجاجی مظاہرہ 

چناب نگر‘ کمالیہ‘ شور کوٹ (نمائندگان خصوصی+ نامہ نگار) شدید گرمی اور حبس کے دوران طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا کمالیہ چناب نگر میں بجلی بندش کے باعث پانی کی بھی قلت ہو گئی شور کوٹ میں لوڈ شیڈنگ سے تنگ شہری سڑکوں پر نکل آئے اور ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق کمالیہ شہر اور گردونواح میں وقتاً فوقتاً لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری شہریوں کو شدید گرمی اور حبس کے موسم میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور حبس  کے موسم میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے بچے اور بزرگ شدید اذیت کا شکار ہیں جبکہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بعض اوقات طویل ہو جانے سے گھروں میں پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں ہوتا۔ چناب نگر میں سخت گرمی میں کئی کئی گھنٹوں بجلی بند ہونے سے شہری بلبلا اٹھے ہیں بجلی کی بندش سے علاقے  میں پانی کا بحران بھی شدت اختیار کرتا جا رہا ہے سخت گرمی میں حکومت کی جانب سے علاقہ مکینوں کو بجلی اور پانی جیسی بنیادی انسانی سہولت تک میسر نہیں ہے اور پریشان حال عوام مزید پریشان ہو گئی۔ شورکوٹ علاقہ و مچھر چوک میں لوڈ شیڈنگ کے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئے علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر شورکوٹ کینٹ روڈ بلا ک کر دی علاقہ مکینوں کا کہناتھا کہ گزشتہ دو دنوں سے بجلی کی سپلائی بند ہے جس کی وجہ سے چھوٹے ،بڑے شدید پریشان ہیں علاقہ مکینوں کا کہناتھا کہ سب ڈویژن شورکوٹ آفس میں متعدد بار اطلاع کے باجود کوئی بھی اہلکار نہ پہنچ سکا جبکہ اہلکار مبینہ طور پر دوہزار روپے رشوت بھی طلب کر تے ہیں بجلی نہ ہو نے کی وجہ سے علاقہ مکین پانی کی بوندبوند کو تر س گئے احتجاج کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں چوکی 17گھگھ پولیس نے موقع پر پہنچ مظاہر ین سے مذاکرات کیے اور بجلی کی بحالی کی یقین دہانی کروائی جس پر روڈ کو ٹر یفک کے لیے کھول دیا گیا ۔

ای پیپر-دی نیشن