4 خودکشیاں: شاہدرہ میں شوہر سے جھگڑے پر خاتون ٹرین تلے آ گئی
لاہور‘فیروزوالا، منڈی شاہ جیونہ‘ چنیوٹ‘ قصور (نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) شاہدرہ کے علاقہ میں خاوند سے جھگڑے پر خاتون نے ٹرین کے آگے آ کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ منڈی شاہ جیونہ میں سسرال آئے نوجوان کی خودکشی‘ چنیوٹ میں حالات سے تنگ 40 سالہ شخص نے ٹرین تلے آ کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ قصور کے نواحی علاقے میں گھریلو جھگڑے پر جوان لڑکی نے زہر کھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہدرہ کے علاقے میں 35 سالہ خاتون مد یحہ بی بی نے مبینہ طور پر اپنے خاوند سے جھگڑے پر دلبرداشتہ ہو کر ٹرین کے آگے کود کرخودکشی کر لی ہے۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کردی ہے۔ منتہا مدثر کا اپنے خاوند مدثر کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا۔ جس پر اس نے لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس سے ٹکرا کر خودکشی کر لی۔ چنیوٹ کے علاقہ موضع لس لاوارث کے قریب قائم ریلوے پھاٹک پر مبینہ طور پر40سالہ اظہر اقبال نے گھریلو حالات سے تنگ آکر ٹرین کے نیچے آکر خودکشی کر لی۔ ریسکیو نے اظہر اقبال کی نعش کو ورثاء کے سپرد کر دیا۔ منڈی شاہ جیونہ تھانہ مسن کے علاقہ ٹاہلی گداں والی میں ناصر کچھینانہ کا ا ٹھارہ سالہ بیٹا اپنے سسرال گیا جہاں کالا پتھر پینے سے اسکی حالت غیر ہو گئی جس کو فوری طور پر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ قصور کے نواحی گاؤں جیونکی میں گھریلو جھگڑے سے دلبرداشتہ جواں سالہ لڑکی نے خودکشی کر لی۔ اٹھارہ سالہ شاہدہ پروین کا اپنے گھروالوں سے جھگڑا ہو گیا اس نے گندم میں رکھنی والی گولیاں نگل لیں اور دم توڑ گئی۔