• news

پچھلا ایک برس کشمیریوں کیلئے سیاہ دور‘ کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں رہا: سردار مسعود

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) لاس اینجلس قونصلیٹ  کے زیراہتمام ’’بھارت نے غیرقانونی قبضے والے کشمیر میں انسانی حقوق کا بحران" کے عنوان سے ویبینار کا انعقاد کیا گیا جس سے صدر آزاد کشمیر ، سردار مسعود خان سمیت امریکہ میں متعین پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب اور سفیر منیر اکرم اورکانگریس کے رکن، ٹی جے کوکس و دیگر نے خطاب کیا۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، یہ نہ کبھی بھارت کا حصہ تھا اور نہ کبھی ہوگا،  5 اگست 2019 سے لے کر 5 اگست 2020 تک کشمیریوں کیلئے سیاہ دور ہے۔ اس موقع پر سفیر پاکستان اسد مجید خان  نے کہا اب وقت آگیا ہے کہ مذمت سے آگے بڑھ کر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں مضبوط موقف پیش کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کے غیرقانونی قبضے والے کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی رکوانے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کیئے جائیں، لاس اینجلس،مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے امریکہ بالخصوص مغربی ساحلی علاقوں میں مقیم پاکستانی اور کشمیری امریکی کمیونٹی کا کردار قابل تحسین رہا ہے۔ سفیر منیر اکرم نے کہا ہمیں بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے دنیا کی توجہ اس جانب مبذول کروانی چایئے کہ بھارت کشمیر میں مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔

ای پیپر-دی نیشن